عمران خان کے جھوٹے بیانیے پر ریاست اپنا مؤقف تبدیل نہیں کرسکتی، مریم اورنگزیب

اپ ڈیٹ 15 جون 2022
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب فرح گوگی کی بات کی جائے توعمران خان تڑپنا شروع ہوجاتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب فرح گوگی کی بات کی جائے توعمران خان تڑپنا شروع ہوجاتے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو معلوم تھا کہ کرپشن کا ریکارڈ موجود ہے، اس لیے انہوں نے جھوٹے بیانیے بنائے لیکن آپ کی رائے اور جھوٹے بیانیے پر ریاست اپنا مؤقف نہیں بدل سکتی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ 4 سال میں سابقہ حکومت کی نیت ہی نہیں تھی کہ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں، ان کی نیت صرف لوٹ مار کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج جس وقت فارن فنڈنگ یا ان اکاؤنٹس کی آواز آتی ہے جو عمران خان نے الیکشن کمیشن کے سامنے ظاہر نہیں کیے تو یہ الیکشن کمیشن پر حملہ کرتے ہیں، ہر وہ خبر جو ان کے اعمال کو پاکستان کی عوام کے سامنے بے نقاب کرتی ہے اس پر ایک ایسا بیانیہ لے آتے ہیں جس پر لوگوں کا دھیان بانٹ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ فرح گوگی عمران خان کی فرنٹ مین ہیں، ان کی بات کرو تو عمران خان تڑپنا شروع ہوجاتے ہیں، کرپٹ چہروں نے عمران خان کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ملک اور عوام کا پیسہ لوٹا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے غلط معاہدوں کے باعث عوام مہنگائی برداشت کرنے پر مجبور ہیں، مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پی ٹی آئی کے رہنما کہتے ہیں کہ تحریک عدم اعتماد بیرونِ ملک سازش تھی جو 8 مارچ سے شروع ہوئی، دوسری طرف کہتے ہیں کہ ہمیں 6 مہینے پہلے سے معلوم تھا اسی لیے ہم نے معیشت کی بارودی سرنگیں بچھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے فیصلہ تو کرلیں کہ آپ کیا جھوٹا بیانیہ بنانا چاہتے ہیں، آپ کم از کم اپنے جھوٹے بیانیے کی ترتیب کو ٹھیک کرلیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسد عمر اور شیریں مزاریں عمران خان سے ہدایات لے کر آئے اور انہوں نے پریس کانفرنس کی، جب ان کے فارن فنڈنگ اور فرح گوگی جیسے کیسز سامنے آتے ہیں تو عمران خان ہدایات دینا شروع کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کہتے ہیں کہ انہیں تحریک عدم اعتماد کا علم تھا تو جب قومی سلامتی کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا اس وقت کون وزیر اعظم تھا، عمران خان نے خود اس اجلاس کی صدارت کی تھی جس میں انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی۔

مزید پڑھیں: فتنہ ٹولے کے شر سے حکومت عوام کو محفوظ رکھے گی، مریم اورنگزیب

ان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کا فورم ملک کا سب سے بڑا فورم تھا، اس کے بیان کو آپ نے قبول کیا، اگر آپ کو علم تھا کہ آپ کے خلاف کوئی بیرون ملک سازش ہوئی ہے تو آپ کو ثبوت پیش کرنا چاہیے تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کی رائے سے آپ کا جھوٹا بیانیہ ضرور بن سکتا ہے لیکن آپ کی رائے اور بیانیے سے ریاست اپنا مؤقف نہیں بدل سکتی، آپ نے ملک کے مفاد کوڑیوں کے دام بیچے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کیوں نہیں کیا، اس لیے کہ آپ کو معلوم تھا کہ آپ جھوٹا بیانیہ بنا رہے ہیں کیونکہ آپ کو معلوم تھا کہ آپ کی چار سال کی کرپشن کا ریکارڈ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے آپ نے جیب سے خط نکال کر بیرونِ ملک سازش کا بیانیہ بنایا، جب وہ بیانیہ اپنی موت آپ مرگیا تو آپ نے اپنی جان کے خطرے میں ہونے کا بیانیہ بنایا اور آج کل مہنگائی کا بیانیہ بنا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایک ہی مؤقف تھا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی، کون سے ایسے شواہد ہیں آپ کے پاس جس سے آپ بیرونِ ملک سازش کو ثابت کرسکتے ہیں، آپ نے 4 سال اپوزیشن کے خلاف کرپشن کا جھوٹا بیانیہ دینے کی کوشش کی، جب عدالتوں میں ثبوت پیش کرنے کا موقع آیا تو آپ بھاگ گئے۔

مزید پڑھیں: ملکی مفاد، عوامی دلچسپی کیلئے اشتہار دینا حکومت کا استحقاق ہے، مریم اورنگزیب

عمران خان کو مخاطب کیے بغیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت اداروں نے ایک غیر جانبدارانہ آئینی پوزیشن اختیار کی ہوئی ہے جو آپ کو پسند نہیں آرہی ہے، آپ نے ملک کے مفادات کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے بیچا۔

ملک ریاض کے اہلخانہ اور نیشنل کرائم ایجنسی کے درمیان ہونے والے معاہدے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اس میں ٹپک پڑے کیونکہ کمیشن کھانا تھا اور ملکی مفاد بیچنا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کل عمران خان سپریم کورٹ کے پیچھے ہیں، چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ ریلیف دے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آپ کو کیا ریلیف دے، آپ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایچ 9 میں جلسے کے بعد ڈی چوک جانے کی کال دی، آپ نے ہنگامہ آرائی کی، میٹرو بسیں جلائیں، درخت جلائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ نے عدالت کے فیصلے کی توہین کی اور پھر عدالت سے ریلیف مانگ رہے ہیں، اس وقت جب تمام ادارے آئین کے مطابق کام کر رہے ہیں آپ اپنی جھوٹی سیاست میں ان کو گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ سے تنخواہیں، مراعات وصول کرنے والے آج ایوان پر حملہ آور ہوئے، مریم اورنگزیب

انہوں نے عمران خان سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ یہ کہہ رہے ہیں پاکستان کی خفیہ ایجنسی کو علم کی ہی نہیں تھا اور ملک کے خلاف سازش ہورہی تھی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ سازش آپ کے دماغ کی سازش ہے، آپ نے پہلے اندرونِ ملک سازش کی ملک کی معیشت کو کمزور کیا، کشمیر فروشی کی اور پھر آپ کو معلوم ہوگیا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے والی ہے تو ملک کی معیشت کی بارودی سرنگیں بچھائیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ سارے ترجمان جو عمران خان کی ہدایتیں لے کر آتے ہیں وہ سارے مسترد شدہ ہیں، عمران خان نے خود انہیں وزارتوں سے نکالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ حکومت کا دھیان نہیں بھٹکا سکتے ہیں، آپ نے جو مہنگائی اور بیروزگاری کا گند پھیلایا ہے حکومت اس کو سمیٹ کر جائے گی اور ملک کو باعزت روزگار کے موقع فراہم کرے گی، اس وقت جو بجٹ آیا ہے سب دیکھ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ مشکل حالات اور آئی ایم ایف کی شرائط کے باوجود بھی عوام دوست بجٹ دیا ہے، جس سے پاکستان کے نوجوانوں کو مواقع مل سکیں۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کو تو آپ کو پارلیمنٹ سے مسترد کیا گیا ہے، آپ اکتوبر 2023 کے الیکشن میں دیکھیں گے کہ عوام بھی آپ کو مسترد کرے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Noreen Jun 15, 2022 07:06pm
Quality articles is the crucial to be a focus forr the people to visit the website, that's what this site is providing. Best Essay Topics homepage Essay writing