• KHI: Zuhr 12:24pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:55am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 12:00pm Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:24pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:55am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 12:00pm Asr 3:22pm

خلیل الرحمٰن قمر میرے ساتھ مزید کام کرنے کے خواہاں تھے، ماہرہ خان

شائع June 20, 2022 اپ ڈیٹ June 21, 2022
ڈراما ساز کے خلاف بولنے کی قیمت چکائی، اداکارہ—اسکرین شاٹ
ڈراما ساز کے خلاف بولنے کی قیمت چکائی، اداکارہ—اسکرین شاٹ

اداکارہ ماہرہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ماضی میں ان کی شاندار اداکاری کی وجہ سے ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر ان کے ساتھ مزید منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں تھے۔

ماہرہ خان نے حال ہی میں فہد مصطفیٰ کے ہمراہ یوٹیوبر ’مورو‘ کے پوڈ کاسٹ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی آنے والی فلم ’قائد اعظم زندہ باد‘ کی پروموشن کی۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنے کیریئر اور اس میں آنے والے اتار چڑھاؤ پر بھی بات کی جب کہ فہد مصطفیٰ نے بھی ڈراموں کے بجائے فلموں کو زیادہ اہمیت دینے کے معاملے سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

پوڈ کاسٹ شو کے دوران ماہرہ خان نے ایک سوال کے جواب میں خلیل الرحمٰن قمر کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات بیان کیے اور بتایا کہ دونوں کا کام کرنے کا اچھا تجربہ رہا۔

انہوں نے بتایا کہ خلیل الرحمٰن قمر نے 2014 کے ڈرامے ’صدقے تمہارے‘ میں ان کی اداکاری کو سراہا اور وہ اتنے خوش ہوئے کہ وہ ان کے ساتھ ایسے ہی مزید منصوبوں پر کام کرنا چاہتے تھے۔

ماہرہ خان نے ڈراما ساز کے مقبول ڈرامے صدقے تمہارے میں کام کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ
ماہرہ خان نے ڈراما ساز کے مقبول ڈرامے صدقے تمہارے میں کام کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ

اداکارہ کا کہنا تھا کہ خلیل الرحمٰن قمر ان کی اداکاری کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور ان کی تعریفیں بھی کیں۔

ان کے مطابق ڈرامے میں انہوں نے خلیل الرحمٰن کی محبت کا کردار ادا کیا تھا جب کہ عدنان ملک نے ڈراما ساز کا کردار ادا کیا تھا اور مذکورہ ڈرامے کی کہانی ڈراما ساز کی زندگی کی سچی کہانی تھی۔

انہوں نے مذکورہ معاملے پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ خلیل الرحمٰن قمر ان کے ساتھ مزید کام کرنا چاہتے تھے مگر پھر ان کی جانب سے ڈراما ساز کے خلاف کی گئی باتوں کی وجہ سے ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل ان کی جانب سے خلیل الرحمٰن قمر کے خلاف کی گئی باتوں کی وجہ سے انہیں کام سے ہاتھ دھونا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ جو کچھ بھی انہوں نے ڈراما ساز کے خلاف کہا، دراصل اس کی قیمت انہوں نے اپنے کام سے ہاتھ دھونے کی صورت میں چکائی اور ان کی بولنے کی وجہ سے وہ کام سے محروم ہوئیں۔

انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی، تاہم اس سے قبل ماہرہ خان نے نے مارچ 2020 میں خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے سماجی رہنما ماروی سرمد کے لیے ٹی وی کے پروگرام پر نامناسب زبان استعمال کیے جانے پر ٹوئٹ کی تھی۔

خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے حوالے سے ہونے والے ایک ٹی وی پروگرام میں ماروی سرمد کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی تھی، جس پر شوبز شخصیات نے ڈراما نگار پر خوب تنقید کی تھی۔

خلیل الرحمٰن قمر پر تنقید کرنے والی شوبز شخصیات میں ماہرہ خان بھی شامل تھیں، جنہوں نے 4 مارچ 2020 کو ڈراما نگار کے خلاف ٹوئٹ کی تھی۔

ماہرہ خان نے خلیل الرحمٰن قمر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ وہ ٹی وی اسکرین پر عورتوں کی تضحیک کرنے والے شخص کی جانب سے ماروی سرمد کے لیے کہے گئے الفاظ پر حیران ہیں۔

اداکارہ نے ڈراما نگار کے نام کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ وہی شخص ہیں، جنہیں عورتوں کی تضحیک کے بعد ایک کے بعد ایک منصوبہ دیا جاتا ہے۔

بعد ازاں اپریل 2021 میں خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کی جانب سے اپنے خلاف ٹوئٹ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ماہرہ خان کی جانب سے ان کے خلاف مئی 2020 میں کی جانے والی ٹوئٹ کو ’نامناسب و چونکا دینے‘ والی تھی۔

رواں برس اپریل میں بھی خلیل الرحمٰن قمر نے ماہرہ خان کے حوالے سے ٹوئٹ کی تھی اور لکھا کہ ’ ان کے پرانے ڈرامے ’صدقے تمہارے‘ میں ماہرہ خان کو کاسٹ کیا جانا گناہ تھا اور وہ اس گناہ پر ہمیشہ ملامت کرتے رہیں گے‘۔

صدقے تمہارے میں ماہرہ خان کی اداکاری کو سراہا گیا تھا—اسکرین شاٹ
صدقے تمہارے میں ماہرہ خان کی اداکاری کو سراہا گیا تھا—اسکرین شاٹ

کارٹون

کارٹون : 9 دسمبر 2024
کارٹون : 8 دسمبر 2024