خیبرپختونخوا میں پولیو کا تیرہواں کیس سامنے آگیا

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2022
12 دیگر کیسز جنوبی خیبر پختونخوا اور شمالی وزیرستان سے بھی رپورٹ ہوئ—فائل فوٹو: اے ایف پی
12 دیگر کیسز جنوبی خیبر پختونخوا اور شمالی وزیرستان سے بھی رپورٹ ہوئ—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان پولیو کا مکمل صفایا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے لیکن ایسے وقت میں جنوبی خیبر پختونخوا کا علاقہ کوشش میں رکاوٹ بنتا نظر آرہا ہے جہاں رواں سال پولیو کا 13 واں کیس رپورٹ ہوا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی ادارہ صحت نے تصدیق کی کہ لکی مروت میں ایک 18 ماہ کا بچہ پولیو وائرس کے سبب مفلوج ہو گیا۔

دیگر 12 کیسز جنوبی خیبر پختونخوا اور شمالی وزیرستان سے بھی رپورٹ ہوئے، یہ کیسز ایسے وقت میں سامنے آرہے ہیں جب پاکستان پولیو سے پاک ملک کا درجہ حاصل کرنے کے قریب پہنچ گیا تھا، صحت کے حکام نے قبائلی اضلاع سے کیسز کی بڑی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: پولیو وائرس سے 8 ماہ کا بچہ معذور ہوگیا

وفاقی سیکریٹری صحت ڈاکٹر فخر عالم عرفان نے بتایا کہ 'ہم نے خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں کے درمیان لوگوں کی کثرت سے نقل و حرکت کے باوجود وائرس کو کہیں اور پھیلنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'اگر ہم اس علاقے سے وائرس پر قابو پالیں اور اسے ختم کر لیں تو ہم پولیو کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں'۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ایک بیان میں کہا کہ 'حکومت نے جنوبی خیبر پختونخوا میں ویکسینیشن مہم کے دوران انجیکشن کے ذریعے دی جانے والی ویکسین استعمال کرنے کا فیصلہ کیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم نے حفاظتی ٹیکوں کی اس شکل کی زیادہ قبولیت کی وجہ سے وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے انجیکشن کے ذریعے دی جانے والی ویکسین فراہم کرنا شروع کر دی ہیں اور ساتھ ہی ہر قسم کے جراثیم کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صابن جیسی حفظان صحت کی مصنوعات بھی فراہم کی ہیں'۔

مزید پڑھیں: افسوسناک ہے کہ ہم اب تک پولیو کو ختم نہیں کرسکے، شہباز شریف

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بتایا کہ حکومت مزید بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لیے حکمت عملیوں کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ' جب سے ہم نے زیادہ خطرے والے اضلاع کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کیے ہیں اس وقت سے خیبر پختونخوا میں ویکسین کی قبولیت میں اضافہ ہوا ہے'۔

جنوبی خیبر پختونخوا میں اگلی پولیو مہم 15 اگست کو شروع ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 2019 میں 147 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد سے پولیو کیسز کی تعداد میں مسلسل کمی دیکھی گئی ہے، اس سے اگلے سال یہ تعداد کم ہوکر 84 رہ گئی اور 2021 میں صرف ایک رہ گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں