مجھے ’پرکشش‘ بنانے میں صدف کا ہاتھ ہے، شہروز سبزواری

23 جولائ 2022
دونوں نے مئی 2020 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے مئی 2020 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکار شہروز سبزواری نے خود کو پرکشش قرار دیتے ہوئے اس کا کریڈٹ اہلیہ صدف کنول کو دے دیا۔

حال ہی میں شہروز سبزواری نے پوڈکاسٹ شو میں آن لائن شرکت کی، جہاں انہوں نے حال ہی میں نشر ہونے والے اپنے ڈراموں اور شوبز مصروفیات سمیت اپنی فٹنیس اور خوبصورتی پر کھل کر باتیں کی۔

پروگرام کے دوران شہروز سبزواری نے اپنی فٹنیس کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے اب میٹھا کھانا بلکل بند کردیا ہے، جس وجہ سے ان کی فٹنیس بہتر ہوئی ہے۔

ان کے مطابق وہ بچپن سے ہی زیادہ میٹھے کھانے کے شوقین تھے مگر اب کچھ عرصے سے انہوں نے میٹھا کھانا صرف ہفتے میں ایک دن تک محدود کردیا ہے۔

اپنی خوبصورتی، گوری رنگت اور پرکشش شخصیت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ان کی گوری رنگت اور پرکشش شخصیت کے پیچھے ان کی اہلیہ صدف کنول کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب سے انہیں صدف ملی ہے، تب سے وہ نکھر گئے ہیں اور ان کی رنگت گوری ہونے سمیت ان کی شخصیت پرکشش ہوگئی ہے اور ان تمام باتوں کا کریڈٹ ان کی اہلیہ کو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کیا صدف کنول امید سے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ڈراموں کی ڈریسنگ اور ڈائلاگ ڈیلیوری سے لے کر سوشل میڈیا پوسٹس تک کے تمام معاملات صدف کنول ہی دیکھتی ہیں، وہ ہی انہیں ہدایات دیتیں اور سمجھاتی ہیں، جس وجہ سے ان میں بہتری آئی ہے۔

شہروز سبزواری کی جانب سے خود کو پرکشش قرار دیے جانے اور اپنی خوبصورتی کا کریڈٹ اہلیہ صدف کنول کو دیے جانے پر شائقین نے ان کے بیان پر دلچسپ تبصرے بھی کیے اور لکھا کہ کس نے کہا کہ وہ پرکشش اور خوبصورت ہیں؟

مزید پڑھیں: بہروز سبزواری نے صدف کنول کے اُمید سے ہونے کی تصدیق کردی

بعض لوگوں نے ان کے بیان پر کہا کہ کوئی انہیں بتائے کہ وہ پرکشش نہیں ہیں؟

زیادہ تر لوگوں نے کمنٹس کیے کہ اداکار پرکشش نہیں ہیں—اسکرین شاٹ
زیادہ تر لوگوں نے کمنٹس کیے کہ اداکار پرکشش نہیں ہیں—اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ شہروز سبزواری اور صدف کنول نے مئی 2020 میں شادی کی تھی، اس سے قبل اداکار کی پہلی شادی سائرہ یوسف سے تھی، جن سے انہیں ایک بیٹی بھی ہے۔

سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2015 میں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد مارچ 2020 میں ان کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

اب خبریں ہیں کہ شہروز سبزواری کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے اور ان کی اہلیہ صدف کنول امید سے ہیں، جس کی تصدیق بہروز سبزواری نے بھی کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

نواز Jul 24, 2022 12:02am
پورا ہاتھ دے دیا۔