لاہور کے علاقے ڈیفنس میں خاتون وکیل کے اغوا کی کوشش ناکام

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2022
مجرمان خاتون کا لیپ ٹاپ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان سمیت کار لے گئے— فائل فوٹو: رائٹرز
مجرمان خاتون کا لیپ ٹاپ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان سمیت کار لے گئے— فائل فوٹو: رائٹرز

لاہور کی ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ایک خاتون وکیل دو مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا ہونے سے بال بال بچ گئیں، تاہم ملزمان ان کی گاڑی اور قیمتی سامان چھین کر لے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کے مطابق یہ واقعہ 18 جولائی کو پیش آیا تاہم منگل کو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اسی دن ایڈووکیٹ سائرہ ملک کی شکایت پر نامعلوم مجرمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ دو مسلح افراد نے وکیل کو اس وقت یرغمال بنا لیا جب وہ ڈی ایچ اے کی ایک گلی میں اپنی کار کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس نے لاہور سے اغوا ہونے والی طالبہ کو پاکپتن سے بازیاب کرالیا

ملزمان نے ان کی آنکھوں پر پٹی باندھ دی اور دن کی روشنی میں انہیں وہاں سے لے کر فرار ہونے لگے۔

تاہم وکیل مجرمان کو چکمہ دینے میں کامیاب ہوگئی اور واقعے کے فوراً بعد ٹریفک جام میں گاڑی کی رفتار کم ہونے پر گاڑی سے چھلانگ لگا دی۔

البتہ مجرمان خاتون کا لیپ ٹاپ، نقدی اور دیگر قیمتی سامان سمیت کار لے گئے۔

پولیس اہلکار نے کہا کہ اینٹی وہیکل لفٹنگ اسکواڈ کیس پر کام کر رہا ہے، امید ہے کہ مجرمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں