ایشیا کپ سری لنکا سے متحدہ عرب امارات منتقل

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2022
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی — فائل فوٹو: اے ایف پی
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی — فائل فوٹو: اے ایف پی

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے کہا ہے کہ سری لنکا میں معاشی اور سیاسی بحران کے سبب آئندہ ماہ ہونے والے ایشیا کپ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق سری لنکا 9 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کا میزبان رہے گا جو 27 اگست سے 11 ستمبر کے درمیان کھیلا جائے گا اور رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں مددگار ثابت ہو گا۔

2 کروڑ 20 لاکھ آبادی کا ملک معاشی بحران کے سبب مفلوج ہو چکا ہے جہاں اس وقت ایندھن، خوراک اور دیگر ضروریات کی قلت ہے، سری لنکا کی پارلیمنٹ نے بدھ کے روز ملک میں نافذ ایمرجنسی میں ایک ماہ کے لیے توسیع کی منظوری دے دی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ مسلسل دوسرے برس ملتوی، 2022 میں انعقاد کا اعلان

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا نے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ کو منتقل کرنے کے ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایشیا کپ کے سری لنکا میں انعقاد کی ہر ممکن کوشش کی گئی اور وینیو کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا فیصلہ کافی غور و خوض کے بعد کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نیا مقام ہوگا جبکہ سری لنکا میزبانی کے حقوق کو برقرار رکھے گا، ایشیا کپ کا یہ ایڈیشن انتہائی اہم ہے کیونکہ اس سے ایشیائی ممالک کو آئی سی سی ورلڈ کپ کی تیاری میں مدد ملے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں