فن لینڈ کی وزیراعظم کا پارٹی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد ڈرگ ٹیسٹ

اپ ڈیٹ 20 اگست 2022
فن لینڈ کی وزیراعظم نے پریس کانفرنس میں وضاحت کردی—فوٹو: رائٹرز
فن لینڈ کی وزیراعظم نے پریس کانفرنس میں وضاحت کردی—فوٹو: رائٹرز

فن لینڈ کی وزیراعظم سنا مارین نے غیرقانونی ڈرگز کبھی استعمال نہ کرنے پر اصرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوستوں کے ساتھ پارٹی کی ویڈیوز لیک ہونے کے بعد اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروالیا ہے۔

خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 36 سالہ سنا مارین کا کہنا تھا کہ اپنی دفتری ذمہ داریاں نبھانے کی صلاحیت بدستور قائم ہے اور دفتری امور کی انجام دہی کے لیے مذکورہ پارٹی چھوڑ کر گئی تھیں۔

سنا مارین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حالیہ دنوں میں عوام کی جانب سے شدید الزامات آئے کہ میں ایک ایسی جگہ تھی جہاں ڈرگ کا استعمال ہو رہا تھا یا میں خود ڈرگ لے رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ یہ الزامات انتہائی سنجیدہ ہیں اور میں ڈرگ ٹیسٹ کے مطالبے کو غیرمنصفانہ تصور نہیں کرتی، میرے لیے قانونی تحفظ اور کسی شک سے نکلنے کے لیے، اس لیے میں نے آج ڈرگ ٹیسٹ کروایا ہے اور اس کا نتیجہ ایک ہفتے میں آئے گا۔

خیال رہے کہ 2019 میں منتخب ہونے والی دنیا کی نوجوان ترین حکومتی سربراہ پر اپوزیشن اور ان کے حکومتی اتحادیوں کی جانب ڈرگ ٹیسٹ کے لیے زور دیا گیا تھا۔

سوشل ڈیموکریٹ رہنما سنا مارین نے واضح کیا کہ کبھی ڈرگز نہیں لیے اور پارٹی میں شریک کسی شخص کو ڈرگز لیتے نہیں دیکھا۔

###فن لینڈ کی وزیر اعظم نجی پارٹی کی ڈانس وڈیوز لیک ہونے پر برہم

اس سے قبل فن لینڈ کی وزیر اعظم سنا مارین نے نجی پارٹی میں کیے گئے ڈانس کی ویڈیوز لیک ہونے پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے وضاحت کی تھی کہ ان ویڈیوز کا مقصد صرف دوستوں کو دکھانا تھا۔

سنا مارینا نے کہا کہ یہ ویڈیو چند ہفتے قبل دو الگ الگ مواقع کے کلپس کو ملاکر بنائی گئی ہیں —فوٹو: رائٹرز
سنا مارینا نے کہا کہ یہ ویڈیو چند ہفتے قبل دو الگ الگ مواقع کے کلپس کو ملاکر بنائی گئی ہیں —فوٹو: رائٹرز

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق فن لینڈ کی 36 سالہ وزیر اعظم سنا مارین کی ایک نجی پارٹی میں مقامی فن کاروں اور بااثر شخصیات کے ساتھ ڈانس کی ویڈیوز سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا پر نشر ہوئی ہیں۔

مزید پڑھیں: فن لینڈ میں 16 سالہ لڑکی ایک دن کی وزیر اعظم بن گئیں

وزیر اعظم کی ڈانس والی ویڈیوز سب سے پہلے انسٹاگرام کے اکاؤنٹس پر نشر ہوئیں، جس پر دنیا کی کم عمر حکومتی سربراہ سنا مارین نے کہا کہ ان کو معلوم تھا کہ ان کی ویڈیوز بنائی جا رہی ہیں مگر خیال نہیں تھا کہ وہ ویڈیوز عوامی سطح پر جائیں گی۔

نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ویڈیوز نجی ہیں اور ایک نجی پارٹی میں ریکارڈ کی گئی ہیں اور مجھے اس بات پر رنج ہے کہ ویڈیوز تک عوام کو رسائی مل گئی ہے، جس کا مجھے علم نہیں کہ کس نے لیک کی ہیں۔

جہاں وزیر اعظم کی ویڈیوز پر ان کو سخت تنقید کا سامنا ہے وہاں کئی مداحوں نے بھی نوجوان رہنما کی نجی زندگی کو اپنے اعلیٰ کیریئر کے ساتھ جوڑنے کے لیے حمایت کا اظہار کیا ہے لیکن مقامی اخبار ہلسنگن سنومیت نے اس پر اداریے میں لکھا کہ اس واقعے نے وزیر اعظم کے فیصلوں پر سوالات پیدا کر دیے ہیں۔

اخبار میں لکھا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے شاید نیک نیتی سے یہ عمل کیا ہو مگر ان کو یہ غلطی نہیں کرنی چاہیے تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فن لینڈ کی 34 سالہ سانا مارین دنیا کی کم عمر ترین وزیر اعظم بن گئیں

اخبار میں لکھا گیا کہ وزیراعظم حساس صورت حال میں ‘معلوماتی جنگ’ کا ہتھیار ان لوگوں کے ہاتھ میں دے سکتی ہیں جو فن لینڈ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

سنا مارین نے کہا کہ یہ ویڈیوز چند ہفتے قبل دو الگ الگ مواقع کی کلپس کو ملاکر بنائی گئی ہیں، تقریبات میں لوگ شراب پیتے تھے لیکن یہ بات کسی نے ان کے علم میں نہیں لائی۔

مزید پڑھیں: فن لینڈ: خاتون وزیراعظم کی بولڈ تصاویر پر ملک میں ‘جنسیت’ پر بحث

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ایک پارٹی کی تھی اور وہ بھی ایک منفرد انداز میں جہاں میں نے رقص کیا اور گایا اور اس دعوے کی تردید کی کہ یہ ویڈیوز اگلے عام انتخابات میں عوامی توجہ حاصل کرنے کا حربہ ہیں، جس کے لیے ایک سال سے بھی کم عرصہ رہ گیا ہے۔

سنا مارین نے جنوری میں رائٹرز کو بتایا تھا کہ انہیں اور ان کی دیگر نوجوان خواتین وزرا کو دفتر میں جنس اور لباس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر نفرت انگیز بیانات کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں