بگٹی کیس راولپنڈی منتقل کرنے کی درخواست مسترد

شائع August 24, 2013

تصویر میں دائیں جانب نواب اکبر خان بگٹی۔ —فائل تصویر
تصویر میں دائیں جانب نواب اکبر خان بگٹی۔ —فائل تصویر

کوئٹہ: بلوچستان کی اعلٰی عدالت نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کی جانب سے سیکورٹی خدشات پر نواب بگٹی قتل کیس کو راولپنڈی منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

نگران صوبائی حکومت اور پرویز مشرف نے بلوچستان ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی تھیں کہ سابق صدر کو مختلف علیحدگی پسند بلوچ تنظیموں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں اور صوبے میں ان کی جان کو خطرہ ہے، لہذا ان کے خلاف زیر سماعت مقدمہ کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں منتقل کیا جائے۔

ہفتہ کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسی پر مشتمل سنگل رکنی بنچ نے جب درخواستوں کی سماعت شروع کی تو اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان شہک بلوچ نے عدالت کو بتایا کہ مئی میں الیکشن سے قبل قائم ہونے والی نگران حکومت نے یہ درخواست دائر کر کے اختیارات ست تجاوز کیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت یہ درخواست واپس لیتے ہوئے مقدمے کی سماعت کے دوران سابق صدر کو مکمل سیکورٹی کی یقین دہانی کراتی ہے۔

پرویز مشرف کی جانب سے دائر کردہ اسی نوعیت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ اول تو یہ سوال اٹھتا ہے کہ آیا کسی بھی ہائی کورٹ کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ ایک مقدمہ کو دوسرے صوبے منتقل کرے؟ اور دوسرا یہ کہ اس اقدام سے بہت مسائل کھڑے ہوں گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق صدر پر راولپنڈی میں چار قاتلانہ حملے ہوئے، سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور سابق وفاقی وزیر شہبار بھٹی کو بھی دن دیہاڑے قتل کردیا گیا۔

عدالت نے حکومت بلوچستان کی جانب سے سابق صدر کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کے بعد ان کی درخواست بھی خارج کر دی۔

مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے سماعت کے بعد اے ایف پی کو بتایا کہ عدالت نے ان کی درخواست مسترد کر دی ۔

'ہم نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ سیکورٹی خدشات کی بنا پر مقدمہ کو بلوچستان سے منتقل کیا جائے مگر جج اس سے متفق نہیں ہوئے'۔

یاد رہے کہ 2006 میں بلوچ سردار نواب اکبر بھٹی کی ایک فوجی آپریشن میں ہلاکت کے وقت مشرف ملک کے صدر تھے۔

رواں سال مارچ میں چار سالہ خود ساختہ جلا وطنی کے بعد پاکستان لوٹنے والے سابق جرنیل انیس اپریل سے اسلاما آباد کے نواحی علاقے چک شہزاد میں واقع اپنے گھر میں نظر بند ہیں۔

انہیں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے 2007 میں قتل اور بگٹی سمیت متعدد اہم مقدمات کا سامنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 جون 2025
کارٹون : 17 جون 2025