سیلاب کی تباہ کاریاں: ڈی جی خان میں ہزاروں افراد ڈائریا، دیگر بیماریوں میں مبتلا

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2022
سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب کے ترجمان اسد اللہ شہزاد نے بتایا کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے — تصویر: وائٹ اسٹار
سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب کے ترجمان اسد اللہ شہزاد نے بتایا کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے — تصویر: وائٹ اسٹار

ملکی تاریخ کے تباہ کن اور ہلاکت خیز سیلاب زدہ علاقوں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں ہزاروں افراد ڈائریا اور دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں جبکہ ان بیماریوں کا شکار ہونے والوں میں اکثریت بچوں کی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان اضلاع میں سیلاب کے بعد کئی بیماریاں پھیلنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جبکہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کے فقدان اور بے گھر لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے میں بدانتظامی کی وجہ سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔

ریلیف اور بحالی میں تاخیر کے باعث لوگوں بالخصوص بچوں اور بوڑھوں کے لیے صحت کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایک ارب روپے مالیت سے زائد ادویات کی فوری ضرورت

سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب کے ترجمان محمد اسد اللہ شہزاد نے بتایا کہ 18 ہزار 854 افراد (راجن پور میں 10 ہزار 201 اور ڈی جی خان میں 8 ہزار 653) ڈائریا میں مبتلا ہونے کے بعد میڈیکل کیمپوں میں زیر علاج ہیں۔

انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 35 ہزار 114 افراد جلد کی بیماریوں کا شکار ہیں جبکہ 20 ہزار 64 افراد بخار میں مبتلا ہیں۔

ان کے مطابق ان علاقوں میں آنکھوں میں انفیکشن بھی پھیل رہا ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور دونوں اضلاع میں 2 ہزار 437 افراد زیر علاج ہیں۔

مزید پڑھیں: سندھ: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا شکار

محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا یہ تشویشناک ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 42 ہزار 958 افراد سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر جنوبی پنجاب میں 86 ہزار 685 افراد نے میڈیکل کیمپوں کا دورہ کیا۔

محمد اسد اللہ شہزاد نے کہا کہ بیماروں کے علاج کے لیے کیمپوں میں کافی مقدار میں ادویات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فراہم کردہ یہ ڈیٹا ڈیڑھ ماہ یعنی 15 جولائی سے 2 ستمبر تک کے عرصے کے دوران مرتب کردہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلاب زدہ علاقوں تک امداد پہنچانے میں فلاحی تنظیموں کو مشکلات درپیش

راجن پور میں جمعرات کے روز ڈائریا کے 570 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو غذائی قلت کا بھی سامنا ہے جبکہ کھانے پینے کی اشیا چھیننے کے واقعات بھی سامنے آچکے ہیں۔

جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ (آئی پی ایچ) کی 20 رکنی میڈیکل ٹیم سیلاب زدگان کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈیرہ غازی خان پہنچ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ اور بلوچستان میں 1961 کے بعد رواں سال سب سے زیادہ بارشیں ریکارڈ

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹیم میں شامل ڈاکٹرز مریضوں کا علاج کریں گے اور بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے میں مدد کریں گے۔

آئی پی ایچ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محسن آفتاب، ڈاکٹر مرسلین علی، ڈاکٹر مدثر سلیم، ڈاکٹر علی رضا (ایم فل)، ڈاکٹر عبید اللہ قاضی (مالیکیولر بائیولوجسٹ)، لیب ٹیکنیشن اور معاونین پر مشتمل ٹیم کو روانہ کیا۔

ڈاکٹر زرفشاں طاہر نے بتایا کہ سیلاب زدگان میں تقسیم کرنے کے لیے خشک راشن، آٹا، دالیں، جوس، بسکٹ کے پیکٹ، کپڑے اور جوتے بھی ٹیم کو فراہم کیے گئے ہیں، یہ تمام اشیا ادارے کے ملازمین نے عطیہ کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین صحت مختلف وبائی امراض کی تشخیص اور ان کے پھیلاؤ کے رجحان کو جاننے کے لیے خون کے نمونے بھی حاصل کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کے پاس بخار، ڈائریا، انفیکشن، جلد کی الرجی اور دیگر بیماریوں کے لیے ادویات بھی موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں