کراچی میں صحافی کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2022
صحافی سے تمام ضروری اشیا چھینی گئیں —فوٹو: اسکرین گریب
صحافی سے تمام ضروری اشیا چھینی گئیں —فوٹو: اسکرین گریب

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں صحافی سے فرائض کی ادائیگی کے دوران 4 مسلح افراد نے بندوق کے زور پر کیمرا، موبائل فون سمیت دیگر ضروری اشیا چھین لیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کردہ ویڈیو میں مقامی صحافی تنویر احمد کو واضح طور پر پریشانی کی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے جن کا کہنا تھا کہ ڈاکو ان سے 5 لاکھ مالیت کے آلات چھین کر لے گئے ہیں، جس میں کیمرا، لینسز اور موبائل فون سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ڈکیتی کی مبینہ واردات، مزاحمت پر پاک فوج کے میجر قتل

تنویر احمد نے جذباتی انداز میں بتایا کہ ’ہم یہاں فوڈ کورٹ کی کوریج کرنے آئے اور شوٹنگ کے دوران استعمال ہونے والے آلات بھی موجود تھے، ایسے میں 4 مسلح افراد 2 موٹر سائیکلوں پر آئے اور گن پوائنٹ پر ہم سے سامان چھین کر چلے گئے‘۔

انہوں نے کہا کہ اسی دوران ایک پولیس موبائل ہمارے پاس سے گزری جس کو ہم نے کافی مرتبہ بلایا مگر وہ نہیں رکے۔

صحافی نے کہا کہ ایک ٹی وی چینل سے منسلک ٹیم سے بھی ڈاکو تمام ضروری آلات چھین کر بھاگ گئے۔

تنویر احمد نے بتایا کہ ’ابھی میں نے اپنی زندگی کی پوری کمائی کھو دی ہے، میرے پاس اب کچھ نہیں بچا‘۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈکیتی میں مزاحمت پر 2 افراد قتل

اس کے علاوہ، ڈان ڈاٹ کام کو دستیاب یوسف پلازہ پولیس اسٹیشن میں درج آیف آئی آر کی نقل کے مطابق صحافی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی ٹیم پڑوس میں ایک خاتون سے متعلق اسٹوری تیار کرنے آئی تھی جہاں انہیں ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔

کراچی پولیس کے ترجمان کےمطابق واقعہ درج ہونے کے بعد کراچی پولیس چیف ایڈیشنل انسپکٹر جنرل(اے آئی جی) جاوید اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے علاقے کے ڈی آئی جی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے پولیس کو ملزمان کو فوری طور پر گرفتار اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: کراچی کے نجی بینک میں ڈکیتی کی واردات، ملزمان 30 سے زائد لاکرز لوٹ کر فرار

واضح رہے کہ شہر قائد میں ڈکیتی روز کا معمول بن چکی ہے، ہر آئے دن کسی نہ کسی شہری کو لوٹ لیا جاتا ہے جس کی وجہ سے شہریوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

چند روز قبل کراچی میں بڑھتے ہوئے ڈکیتی کے واقعات پر پولیس حکام کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی منعقد ہوا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں