ہمایوں سعید کے ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے کی تصدیق

19 اکتوبر 2022
ویب سیریز کو آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام
ویب سیریز کو آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا—فائل فوٹو: ٹوئٹر/ انسٹاگرام

رواں برس جنوری میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ہمایوں سعید متنازع ترین نیٹ فلیکس کی اوریجنل سیریز ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں جلوہ گر ہوں گے۔

مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد متعدد پاکستانی شوبز شخصیات اور صحافیوں نے ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر مبارک باد بھی پیش کی تھی، تاہم اداکار نے خود اس حوالےسے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی تھی۔

نیٹ فلیکس سمیت ’دی کراؤن‘ کی ٹیم نے بھی ہمایوں سعید کو ویب سیریز کا حصہ بنانے کی تصدیق نہیں کی تھی لیکن اب ایک شوبز ویب سائٹ نے اس کی تصدیق کردی۔

شوبز ویب سائٹ ’انٹرٹینمٹ ویکلی‘ نے ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کا کردار ادا کرنے والی آسٹریلوی اداکارہ ایلزبتھ ڈیبکی کا طویل انٹرویو کیا، جس میں انہوں نے ہمایوں سعید سے متعلق بھی بات کی۔

اداکارہ نے پاکستانی اداکار کی تعریف کرتےہوئے انہیں نہ صرف بہترین اداکار قرار دیا بلکہ ان کے ساتھ کام کرنے کو اپنی خوشقسمتی بھی قرار دیا۔

الزبتھ ڈیبکی نے ہمایوں سعید کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستانی اداکار بہت ہی اچھے لگے، انہیں ان کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آیا اور یہ کہ ہمایوں بہت اچھی شخصیت اور دل کے مالک ہیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کے خیال میں ہمایوں سعید بہت اچھے طریقے سے کام کرتے ہیں اور وہ جہاں بہترین اداکار ہیں، وہیں ان کی شخصیت بھی کمال کی ہے۔

ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں تصدیق کی کہ ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کریں گے، جن سے متعلق کہا جاتا ہے کہ ان پر لیڈی ڈیانا فدا تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’دی کراؤن‘ کا حصہ بننے پر ہمایوں سعید کو شوبز شخصیات کی مبارک باد

پانچویں سیزن میں شہزادہ چارلس کا کردار ڈومنک ویسٹ ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ ان کی دوسری اہلیہ کمیلا پارکر کا کردار اولیویا ولیمز ادا کریں گی۔

پانچویں سیزن مین امیلڈا اسٹانٹون ملکہ برطانیہ کے روپ میں دکھائی دیں گی، اس سیزن میں دو سے زائد برطانوی وزرائے اعظم کے کردار بھی دکھائے جائیں گے جب کہ دیگر متعدد شاہی محل کی شخصیات بھی دکھائی جائیں گی۔

اسی سیزن میں ممکنہ طور پر لیڈی ڈیانا کے انتقال کو بھی دکھایا جائے گا جب کہ ان کے بچوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی جوانی بھی دکھائی جائے گی۔

ویب سیریز کے پاانچویں سیزن کو آئندہ ماہ ریلیز کیا جائے گا، ’دی کراؤن‘ برطانوی شاہی خاندان پر بنائی جانے والی سیریز ہے، جس کے چار سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: ہمایوں سعید کے بجائے فواد خان کو ’دی کراؤن‘ کیلئے کاسٹ کیا جاتا، سکینہ سموں

سیریز کا چوتھا سیزن گزشتہ برس نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا، مذکورہ سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا، پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کے شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا۔

’دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے۔

’دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے۔

سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز ہوا اور اس میں 1964 سے 1977 کا دور دکھایا گیا تھا۔

سیریز کا چوتھا سیزن نومبر 2020 میں ریلیز ہوا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا گیا۔

چوتھے سیزن میں جہاں لیڈی ڈیانا کا کردار دکھایا گیا، وہیں اس میں پہلی برطانوی خاتون وزیر اعظم مارگریٹ تھیچر سمیت کئی نئے کردار بھی دکھائے گئے۔

اب پانچویں سیزن میں 1988 سے لے کر 1999 تک کا دور دکھائے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں