پاک-انگلینڈ ٹیسٹ میچ، پی ٹی آئی سے دھرنے کا مقام تبدیل کرنے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2022
پی ٹی آئی رہنما نے ڈپٹی کمشنر کو مطلع کیا کہ وہ پارٹی قیادت کو نئے مقام کی تجویز سے آگاہ کرنے کے بعد جواب دیں گے— فوٹو: محمد عاصم
پی ٹی آئی رہنما نے ڈپٹی کمشنر کو مطلع کیا کہ وہ پارٹی قیادت کو نئے مقام کی تجویز سے آگاہ کرنے کے بعد جواب دیں گے— فوٹو: محمد عاصم

راولپنڈی کی مقامی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف سے کہا ہے کہ وہ اپنے طے شدہ دھرنے کا مقام فیض آباد سے بدل کر شہر کے کسی اور مقام پر کر دے تاکہ پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلش کرکٹ ٹیم کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔

دھرنے کے مقام کی تبدیلی سے متعلق درخواست ڈپٹی کمشنر راولپنڈی شعیب علی نے پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر اور راولپنڈی کے صدر واثق قیوم عباسی سے ملاقات کے دوران کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما نے ڈپٹی کمشنر کو مطلع کیا کہ وہ پارٹی قیادت کو نئے مقام کی تجویز سے آگاہ کرنے کے بعد جواب دیں گے۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو پیشکش کی کہ وہ تاریخی لیاقت باغ یا فلائی اوور روڈ 6 پر احتجاج کر سکتی ہے جب کہ یہ دونوں مقامات کرکٹ اسٹیڈیم سے دور ہیں۔

انتظامیہ نے تحریک انصاف سے یہ درخواست ان اطلاعات کے پیش نظر کی کہ تحریک انصاف اپنے احتجاج کو دھرنے میں تبدیل کرسکتی ہے،ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے شروع ہونا ہے لیکن میچ کے باقاعدہ آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کو پریکٹس سیشن کے لیے بھی اسٹیڈیم لے جانا ہوگا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 28 اکتوبر کو لاہور سے شروع ہونے والے حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں اپنے کارکنوں کو 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دے رکھی ہے۔

پی ٹی آئی راولپنڈی کے صدر نے 20 نومبر کو ڈپٹی کمشنر کو درخواست جمع کرائی تھی جس میں مری روڈ، فیض آباد موڑ پر 26 نومبر کے مجوزہ عوامی اجتماع یا دھرنے کے لیے سیکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔

فیض آباد انٹرسیکشن اسلام آباد کے اس ہوٹل سے کرکٹ اسٹیڈیم کے راستے میں پڑتا ہے جہاں دونوں کرکٹ ٹیمیں قیام کریں گی جب کہ اسٹیڈیم فیض آباد سے 3کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی رہنما سے یہ بھی کہا کہ مجوزہ عوامی اجتماع یا دھرنے کا مقام سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سرکاری عمارتوں یا حساس تنصیبات کے قریب نہیں ہونا چاہیے۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم پی ٹی آئی کے عوامی اجتماع یا دھرنے کے ایک روز بعد 27 نومبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔

منگل کو چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے پاکستان برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر کے ہمراہ عمران خان سے ان کی لاہور میں واقع رہائش گاہ زمان پارک میں ملاقات کی۔

رپورٹس کے مطابق دوران ملاقات عمران خان نے رمیز راجا کے ساتھ ساتھ کرسچن ٹرنر کو بھی یقین دہانی کرائی کہ لانگ مارچ سے راولپنڈی ٹیسٹ میچ متاثر نہیں ہوگا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ملتان روانہ ہوگی جہاں 9 سے 13 دسمبر تک دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کراچی 17 سے 21 دسمبر تک کرے گا۔

اس بات کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکی کہ رمیز راجا، پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ اور عمران خان کے سخت سیاسی مخالف وزیر اعظم شہباز شریف کی اجازت کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے زمان پارک گئے۔

راولپنڈی شہر پنجاب کا حصہ ہے جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، لہٰذا شہر میں سیکیورٹی کا انتظام کرنا اور اسے برقرار رکھنا براہ راست صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی نے راولپنڈی میں اجلاس منعقد کیا جس میں پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات پر غور کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں