حارث رؤف انجری کا شکار، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

اپ ڈیٹ 06 دسمبر 2022
حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کرتے ہوئے گیند پر گرنے کے باعث انجری کا شکار ہوگئے تھے — فائل فوٹو: اے ایف پی
حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کرتے ہوئے گیند پر گرنے کے باعث انجری کا شکار ہوگئے تھے — فائل فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کو دوسرے میچ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے اور قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف انجری کا شکار ہو کر ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے ذریعے ڈیبیو کرنے والے 29 سالہ حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کرتے ہوئے گیند پر گرنے کے باعث انجری کا شکار ہوئے تھے۔

ان کی سیدھی ٹانگ میں کھنچاؤ پیدا ہوا تھا جس کے باعث وہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مزید باؤلنگ نہیں کرا سکے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران گیند کے اوپر گرنے کے بعد فاسٹ باؤلر کا ایم آر آئی کرایا گیا۔

پی سی بی کے طبی عملے کے اسکینز اور بعد ازاں تشخیص سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ فاسٹ باؤلر کو گریڈ ٹو کے تناؤ کا سامنا ہے، لہٰذا حارث اب نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی بحالی کا عمل شروع کرنے کے لیے لاہور جائیں گے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے 17 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے پہلے میچ میں قومی ٹیم کو 74 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی زخمی کھلاڑی کے متبادل کے بارے میں باضابطہ اعلان کرے گا۔

سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے فہیم اشرف اور محمد نواز میں سے کسی ایک کو حارث کی جگہ فائنل الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔

اگر ٹیم مینجمنٹ آل راؤنڈر کی جگہ کسی باؤلر کو ہی کھلانے کا فیصلہ کرتی ہے تو ایسی صورت میں محمد وسیم جونیئر کا ٹیسٹ ڈیبیو ہو سکتا ہے اور اس طرح وہ دو ٹیسٹ میچوں کے عرصے میں ڈیبیو کرنے والے پانچویں کھلاڑی بن جائیں گے۔

تاہم اگر پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست اور پہلا میچ کھیلنے والے محمد علی کی اوسط درجے کی کارکردگی کے بعد کسی تجربہ کار باؤلر کو اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو اس صورت میں محمد عباس اور حسن علی کی واپسی کے امکانات بھی روشن ہیں۔

واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 دسمبر تک ملتان میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرے اور آخری میچ کی میزبانی 17 سے 21 دسمبر تک کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں