ہندوستان میں عمارت گرنے سے پانچ افراد ہلاک
احمد آباد: ہندوستان کے ایک مغربی شہر وڈوڈرا میں حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کو ایک چار منزلہ عمارت کے گرنے سے کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں، جبکہ متعدد افراد اب بھی عمارت کے ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔
ایک سینیئر ایڈمنسٹریٹر ونود راؤ نے فون پر بتایا کہ یہ سرکاری عمارت ہندوستان کے مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح چار بجے منجالپور کے علاقے میں گری۔
وڈوڈرا شہر احمد آباد سے 110 کلومیٹر دور ہے جہاں پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک عمارت کے ملبے سے آٹھ افراد کو نکالا جاسکا ہے۔
ونود راؤ نے عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ "جب یہ واقعہ پیش آیا تو اس عمارت میں 15 سے 20 افراد موجود تھے۔"
انہوں نے کہا کہ "اب تک صرف آٹھ افراد کو نکالا جا چکا ہے جبکہ ملبے سے پانچ لاشیں بھی نکلی ہیں۔"
یاد رہے کہ گزشتہ مہینے ہندستان کے جنوبی شہر سکندرآباد میں ایک دو منزلہ عمارت کے گرنے سے 13 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔
حالیہ مہینوں میں ہندوستان میں متعدد عمارتیں گرچکی ہیں، جن میں سے اکثر تجارتی شہر ممبئی میں واقع تھیں۔
اس ہی طرح کا ایک بڑا واقعہ رواں سال اپریل میں بھی ہوا تھا جس میں سب سے زیادہ 74 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ملک میں عمارتوں کے گرنے جیسے واقعات نے غیر معیاری تعمیرات کو اُجاگر کیا ہے جہاں اکثر عمارتیں اور مکانات کے گرنے کے حادثات کرپشن اور بہت سی غیر قانونی تعمیرات میں حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے سبب پیش آتے ہیں۔