پشاور میں تقریب کے دوران ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی پر فائرنگ

اپ ڈیٹ 23 دسمبر 2022
ڈپٹی اسپیکر محمود جان خان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے — محمود جان/فیس بُک
ڈپٹی اسپیکر محمود جان خان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے — محمود جان/فیس بُک

پشاور کے علاقے شاگائی میں تقریب کے دوران ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی محمود جان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی تاہم ڈپٹی اسپیکر حملے میں محفوظ رہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشنز کاشف عباسی نے ڈان نیوز کو بتایا کہ پشاور کے نواحی علاقے میں ایک تقریب جاری تھی جس کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق تقریب میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر محمود خان بھی موجود تھے، تاہم وہ اس واقعے میں محفوظ رہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کا ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کا مقصد اب تک واضح نہیں ہوسکا۔

ڈپٹی اسپیکر محمود جان خان کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ہے، وہ سال 2013 سے 2018 تک رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں۔

محمود جان سال 2018 میں بھی رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد وہ خیبرپختونخوا کے ڈپٹی اسپیکر بنے۔

تبصرے (0) بند ہیں