پہلا ٹیسٹ: ولیمسن کی ڈبل سنچری، نیوزی لیند کے خلاف پاکستان کو مشکلات کا سامنا

اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2022
شان مسعود 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
شان مسعود 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
کین ولیمسن عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری کی جانب گامزن ہیں— فوٹو: اے ایف پی
کین ولیمسن عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری کی جانب گامزن ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 77 رنز بنالیے جبکہ مہمان ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 97 رنز درکار ہیں۔

نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن کی ڈبل سنچری اور اش سودھی کے ہمراہ شان دار شراکت کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی اور مجموعی طور پر 174 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔

کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن نیوزی لینڈ نے 440 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کین ولیمسن 105 اور اش سودھی ایک رن پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی باؤلرز کا بھرپور امتحان لیتے ہوئے وکٹ لینے سے باز رکھا۔

اس دوران قومی ٹیم کو اش سودھی کی وکٹ لینے کا موقع ملا جب گیند بلے کا باہری کنارہ لینے کے بعد وکٹ کیپر کے بعد پاس گئی لیکن کسی بھی کھلاڑی نے کیچ کی اپیل نہیں کی اور یوں سودھی کو نئی زندگی مل گئی۔

میچ کے چوتھے دن پہلے سیشن میں پاکستانی باؤلرز کوئی بھی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

اس دوران سودھی نے اپنی نصف سنچری اور کین ولیمسن نے 150 رنز مکمل کر لیے۔

پاکستان کو دن کی پہلی کامیابی اس وقت ملی جب اش سودھی اپنے کیریئر کا سب سے بڑا اسکور 65 رنز بنانے کے بعد ابرار کی وکٹ بن گئے، انہوں نے ولیمسن کے ہمراہ ساتویں وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت قائم کی۔

سودھی کے بعد اگلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم ساؤدھی بھی چلتے بنے جنہیں نعمان نے پویلین واپسی پر مجبور کیا، تاہم دوسرے اینڈ پر موجود کین ولیمسن عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ڈبل سنچری کی جانب گامزن رہے۔

پاکستان کو نویں وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور نیل ویگنر بھی کھاتا کھولے بغیر ہی آغا سلمان کو وکٹ دی بیٹھے اور محمد ابرار نے اننگز میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کین ولیمسن نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ڈبل سنچری مکمل کر لی اور ان کی ڈبل سنچری کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ کے کپتان نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

نیوزی لینڈ نے 612 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کیا اور پہلی اننگز میں 174 رنز کی بھاری برتری حاصل کر لی، کین ولیمسن نے 21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 200 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار نے 5، نعمان علی نے 3 اور محمد وسیم نے ایک وکٹ وکٹیں لی۔

پاکستان نے دوسری اننگز میں بیٹنگ شروع کی تو عبداللہ شفیق 47 کے مجموعے پر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

شان مسعود دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی ناکام ہوئے اور صرف 10 رنز بنا کر سودھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

چوتھے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے 2 وکٹوں پر 77 رنز بنا لیے تھے۔

امام الحق 45 رنز بنا کر کھیل رہے تھے اور نعمان علی نے 10 گیندوں پر 4 رنز بنا کر دن کے اختتامی لمحات میں اوپنر کا ساتھ نبھایا۔

یاد رہے کہ پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 438 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں