• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 5:01pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 5:10pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 5:01pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 5:10pm

لاہور ہائیکورٹ: پی ٹی آئی کے 43 اراکین کے استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

شائع February 2, 2023
لاہور ہائی کورٹ — فائل فوٹو: ایل ایچ سی ویب سائٹ
لاہور ہائی کورٹ — فائل فوٹو: ایل ایچ سی ویب سائٹ

لاہور ہائیکورٹ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منطور کرنے کے خلاف درخواست پر کل سماعت کرے گا۔

لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی جانب سے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منطور کرنے کے اقدام کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی جس پر جسٹس شاہد کریم کل سماعت کریں گے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آیی) نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے 43 اراکین کے استعفے منظور کرنےکا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چلینج کیا تھا۔

تحریک انصاف کے 43 سابق اراکین قومی اسمبلی نے بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی اور اسپیکر قومی اسمبلی کے اقدام کو چلینج کردیا۔

سابق اراکین کی طرف سے دائر کردہ درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔

اراکین نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے استعفے منظور ہونے سے قبل ہی واپس لے لیے تھے۔

تحریک انصاف کے ریاض فتیانہ سمیت 43 ارکان نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

تحریک انصاف کے سابق اراکین اسمبلی نے درخواست میں اسپیکر کے 22 جنوری اور الیکشن کمیشن کے 25 جنوری کے نوٹی فکیشن چیلنج کیے ہیں۔

سابق اراکین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ استعفے واپس لینے کے بعد اسپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ اسے منظور کریں، اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اراکین قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمیٰ کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کیے گیے، اسپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے استعفے منظور کیے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ استعفے منظور کرنے سے پہلے اسپیکر نے اراکین کو بلا کر مؤقف نہیں پوچھا، عدالت اسپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دے۔

خیال رہے کہ 25 جنوری کو اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے اس اقدام سے 2 روز قبل ہی پاکستان تحریک انصاف کے باقی 45 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جن 43 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا تھا ان میں محمد یعقوب شیخ، گل ظفر خان، جواد حسین، ذالقرنین علی خان، حاجی امتیاز احمد، ملک محمد احسان اللہ ٹوانا، رضا نصرالدین، محمد ریاض خان، محمد یعقوب سلطان، محمد امیر سلطان، راحت امان اللہ، رائے محمد مرتضیٰ اقبال، میاں محمد شفیق، فاروق اعظم ملک شامل تھے۔

دیگر اراکین میں جاوید اقبال، شبیر علی، خواجہ شیراز، سردار محمد خان لغاری، سردار نصراللہ دریشک، منزہ حسان، ڈاکٹر سیمیں عبدالرحمٰن ، ثوبیہ کمال، نوشین حامد، ربینہ جمیل، فوزیہ بہرام، رخسانہ نوید، تاشفین صفدر، صائمہ ندیم، غزالہ سیفی، نصرت واحد، نفیسہ عنایت اللہ، ساجدہ بیگم، طارق صادق، نورین فاروق، عظمیٰ ریاض، ظلِ ہما، شاہین ناز سیف اللہ، لال چند، شنیلا رتھ، جئے پرکاش اور جمشید تھومس شامل تھے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب 17 جنوری کو اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے تین روز بعد یعنی 20 جنوری کو اس کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کرلیے تھے۔

یوں پی ٹی آئی کے تمام 122 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے چار مراحل میں منظور ہوگئے تھے۔

پی ٹی آئی نے گزشتہ سال اپریل میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی برطرفی کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے اجتماعی استعفے دے دیے تھے۔

بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے صرف 11 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے اور کہا تھا کہ باقی ارکان اسمبلی کو تصدیق کے لیے انفرادی طور پر طلب کیا جائے گا، جب کہ کراچی سے رکن اسمبلی شکور شاد نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 جولائی 2024
کارٹون : 23 جولائی 2024