دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر اب تک کے سب سے بہترین فیچر ’ میسیج ایڈٹ’ کی محدود پیمانے پر آزمائش شروع کردی گئی۔

واٹس ایپ پر ایڈٹ میسیج کے فیچر کو پیش کیے جانے کی خبریں ابتدائی طور پر جون 2022 میں آئی تھیں اور امکان تھا کہ اسے 2023 کے آغاز تک پیش کردیا جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہو سکا تھا۔

بعد ازاں فروری 2023 میں یہ خبریں آئی تھیں کہ جلد ہی مذکورہ فیچر کی آزمائش شروع کردی جائے گی اور اب محدود صارفین کو اس تک رسائی دے دی گئی۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق ’میسیج ایڈٹ‘ فیچر کی آزمائش کے لیے او ایس اور ڈیسک ٹاپ صارفین سمیت ایںڈرائیڈ کے محدود صارفین کو اس تک رسائی دے دی گئی۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ تاحال ’میسیج ایڈٹ‘ فیچر پر کام مکمل نہیں ہوا، تاہم ماہرین اسے جلد مکمل کرلیں گے، جس کے بعد اس کی بڑے پیمانے پر آزمائش شروع کردی جائے گی۔

ممکنہ طور پر مذکورہ فیچر کو رواں برس کے اختتام تک بڑے پیمانے کی آزمائش کے لیے پیش کردیا جائے گا، جس کے بعد 2024 کے شروع تک اسے متعارف کرایا جائے گا۔

فیچر کے مطابق صارفین کے پاس 15 منٹ کے اندر بھیجے گئے غلط میسیج کو ایڈٹ کرنے کا آپشن موجود ہوگا، تاہم اس کے بعد وہ غلط میسیج کو ایڈٹ نہیں کر پائیں گے۔

مذکورہ فیچر کے تحت صارفین صرف الفاظ کو ہی ایڈٹ کر پائیں گے اور بھیجے گئے لنکس بھی تبدیل کر سکیں گے۔

ممکنہ طور پر ایڈٹ میسیج کے فیچر کے تحت بھیجی گئی تصاویر اور ویڈیوز کو بھی سلیکٹ کرکے انہیں تبدیل یا ایڈٹ کیا جا سکے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اس سے فیچر سے قبل گزشتہ برس واٹس ایپ نے ڈیلیٹ کیے گئے میسیج کو واپس لانے کا فیچر بھی پیش کیا تھا۔

مذکورہ فیچر کے تحت غلطی سے ڈیلیٹ کیے گئے میسیج کو اب صارفین 30 سیکنڈ کے اندر اندر انڈو کرکے واپس لا سکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں