مقبول اداکار و میزبان احسن خان نے اپریل 2022 میں اپنی وائرل ہونے والی پرانے انٹرویو کی ویڈیو کلپ ’برٹش ایشین‘ کی حقیقت بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سچ میں برٹش ایشین اداکار ہیں۔

گزشتہ برس احسن خان کی انٹرنیٹ پر حال مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ برٹش انگلش لہجے میں بات کرتے دکھائی دیے تھے۔

مذکورہ ویڈیو میں احسن خان ایک تقریب میں دوران انٹرویو برطانوی انگریزی لہجے میں بات کرتے ہوئے بتاتے دکھائی دیتے ہیں کہ وہ برٹش ایشین شخص ہیں اور وہ یہاں اور وہاں یعنی برطانیہ اور پاکستان میں رہتے اور کام کرتے ہیں۔

ان کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے پر ان پر تنقید کی گئی تھی، تاہم انہوں نے اسی وائرل کلپ پر دوبارہ اپنی ویڈیو بناکر شائقین کو محظوظ کیا تھا۔

اب انہوں نے اسی حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی پیدائش ہی برطانوی دارالحکومت لندن میں ہوئی اور انہوں نے زندگی کے کچھ سال وہاں گزارے۔

احسن خان سما ٹی وی کے شو ’حد کردی‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ’برٹش ایشین‘ کی وائرل کلپ سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی اہلیہ فاطمہ کے پڑدادا اور ان کے پڑدادا آپس میں دوست تھے اور دونوں پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پڑوسی تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے اور ان کی اہلیہ کے خاندان کی پرانی دوستی تھی، جس وجہ سے ان کے درمیان بھی دوستی ہوگئی اور پھر انہوں نے شادی کرلی۔

اداکار نے بچپن کی یادوں سے متعلق بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ جب وہ چھٹی کلاس کے طالب علم تھے تب انہوں نے ایک کلاس فیلو لڑکی کو محبت کا خط لکھا تھا جو ان کے ساتھ بیٹھنے والی دوسری لڑکی نے پکڑ کر سب کو دکھایا اور وہ بدنام ہوگئے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹھیک سے باتیں یاد نہیں لیکن انہوں نے خط میں کوئی بھی غلط بات نہیں لکھی تھی۔

احسن خان نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کے بھائی یاسر خان ان کے جڑواں ہیں اور ان دونوں کی شکلیں بھی ملتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی شرارتی ہیں اور ان کی شرارتوں کی سزا ہمیشہ انہیں ملتی تھی، لوگ دونوں بھائیوں کو پہچان نہیں پاتے تھے اور سب انہیں غلط سمجھتے تھے جب کہ شرارتیں ان کے بھائی کرتے تھے۔

پروگرام میں ’برٹش ایشین‘ کی وائرل کلپ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس میں کوئی غلط بات نہیں تھی، وہ حقیقت میں برٹش ایشین اداکار ہیں، کیوں کہ انہوں نے برطانیہ میں بھی کام کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ لندن میں پیدائش اور بچپن گزارنے کے بعد 9 سال کی عمر میں پاکستان آئے لیکن سال 2000 میں ان کا خاندان دوبارہ برطانیہ چلا گیا اور انہیں بھی ساتھ چلنے کا کہا لیکن وہ نہیں گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت تک انہوں نے بیچلر کی ڈگری حاصل کرنے سے قبل ہی اداکاری شروع کردی تھی لیکن پھر وہ سال 2000 کے بعد تین سال کے لیے برطانیہ گئے۔

احسن خان کے مطابق جب وہ برطانیہ گئے تو وہاں ڈراما ساز ندیم بیگ سمیت ایک اور ڈراما ساز نے انہیں وہاں ہی پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی پیشکش کی اور مذکورہ دونوں ڈرامے پاکستان میں نشر ہونے کے بعد انہیں مزید ڈراموں اور فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تو وہ لندن سے واپس پاکستان آگئے۔

انہوں نے کہا کہ لندن سے دوبارہ واپسی کے بعد پھر انہوں نے کبھی وہاں جانے کا نہیں سوچا۔

احسن خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کی ’برٹش ایشین‘ کی بات کو ان کے طویل انٹرویو سے نکال کر وائرل کیا گیا اور انہوں نے جب دیکھا کہ لوگ اس پر غصے کا اظہار کر رہے ہیں تو انہوں نے اس پر بچوں کے ساتھ پیروڈی ویڈیو بنا کر شائقین کو محظوظ کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں