دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ ویسے تو ہمیشہ نئے فیچرز اور اپڈیٹس متعارف کراتی رہتی ہے، تاہم جلد ہی ایپلی کیشن پر اسٹیٹس کو بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق ایپلی کیشن کے ماہرین نہ صرف اسٹیٹس فیچر کو تبدیل بلکہ اس کا نام بھی دوسرا رکھنے پر کام کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نئے فیچر کی آزمائش بھی شروع کردی گئی اور محدود صارفین کو اس تک رسائی دی جا چکی ہے۔

نئے فیچر کے تحت صارفین کے پاس اسٹیٹس کا فیچر بار کی صورت میں کھلے گا، یعنی اس میں مزید آپشن نظر آئیں گے۔

اس وقت اسٹیٹس کے فیچر میں نیچے ہی آپشن آتا ہے کہ صارف چاہے تو اپنی مرضی سے اسٹیٹس کو پرائیویٹ رکھ سکتا ہے یا پھر اس تک محدود دوستوں کو رسائی دے سکتا ہے۔

لیکن نئی اپڈیٹس کے بعد اسٹیٹس کے فیچر کو کھولنے کے بعد وہاں بار نظر آئے گا، جہاں مختلف آپشن دیے گئے ہوں گے۔

بار میں وہی آپشن ہوں گے جو اب اسٹیٹس شیئر کرنے کے وقت صارفین کے پاس آتے ہیں لیکن بعد میں تمام آپشن ایک بار کی صورت میں نظر آئیں گے۔

اسی طرح اپڈیٹس کے بعد اسٹیٹس کا نام تبدیل ہوکر ’اپڈیٹس‘ ہوجائے گا اور ممکنہ طور پر یہ تبدیلی واٹس ایپ میں دوسری تبدیلیوں کی وجہ سے کی جا رہی ہے۔

یعنی واٹس ایپ میں متعارف کرائے گئے چینل سمیت دوسرے فیچرز کو دیکھتے ہوئے اسٹیٹس بار کو بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اس وقت مذکورہ فیچر پر ماہرین کام کرنے میں مصروف ہیں اور یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

علاوہ ازیں واٹس ایپ کے ڈیزائن کو بھی ریڈیزائن کرنے کے فیچر کو پیش کرنے پر بھی کام کیا جا رہا ہے جب کہ گروپ کے آئیکون کو بھی تبدیل کرنے کے حوالے سے بھی نئی تبدیلیوں پر کام جاری ہے۔

—فوٹو: ویب ایٹ انفو
—فوٹو: ویب ایٹ انفو

تبصرے (0) بند ہیں