جن اداکاراؤں پر فدا تھا، انہوں نے میری والدہ کا کردار ادا کیا، بہروز سبزواری
سینیئر اداکار بہروز سبزواری نے انکشاف کیا ہے کہ جوانی میں وہ جن ٹی وی اداکاراؤں پر فدا تھے، ان میں سے زیادہ تر خواتین نے ڈراموں میں ان کی والدہ کا کردار ادا کیا۔
بہروز سبزواری حال ہی میں کامیڈی شو ’مذاق رات‘ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کن وجوہات کی بنا پر زوال کا سبب بنی۔
اداکار نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار 1968 میں نوعمر بچوں کے پروگرام میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کراچی سینٹر کا پروگرام کیا، اس وقت سندھ میں پی ٹی وی سینٹر کا آغاز ہوا تھا۔
ان کے مطابق ٹی وی کے سینیئر پروڈیوسر ان کے محلے دار تھے جو ان سمیت ایک درجن سے زائد بچوں کو پروگرام کے لیے لے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شو میں شرکت کے بعد ان کا ٹی وی سے سلسلہ جڑ گیا اور انہوں نے مسلسل اداکاری کی اور اب انہیں شوبز میں آئے ہوئے نصف صدی گزر چکی۔
اداکار کے مطابق انہیں زیادہ شہرت ’خدا کی بستی‘ نامی ڈرامے سے ملے۔
بہروز سبزواری نے سینما انڈسٹری کے زوال پذیر ہونے پر بھی بات کی اور بتایا کہ جب کوئی پروڈیوسر فلم بنانے کے لیے آتا تو اداکار دو دو سال تک انہیں وقت نہیں دیتے تھے اور ان سے خرچہ کرواتے رہتے تھے، ایسی بہت ساری غلطیاں انڈسٹری کے زوال کا سبب بنیں۔
انہوں نے بتایا کہ سینما انڈسٹری میں تکنیکی کام کرنے والے زیادہ تر افراد کو دوسرا کام آتا ہی نہیں تھا اور انڈسٹری کے زوال پذیر ہونے سے وہ بھی بے روزگار ہوگئے۔
بیٹے اور پوتیوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بہروز سبزواری نے کہا کہ زائد العمر افراد کے لیے پوتے اور پوتیاں ملٹی وٹامنز کا کام کرتے ہیں اور ان کے لیے بیٹے شہروز سبزواری کی دونوں بیٹیاں ملٹی وٹامنز ہیں۔
انہوں نے اس بات بھی خدا کا شکر ادا کیا کہ انہیں زائد العمری میں پوتیوں کی خوشی نصیب ہوئی اور وہ اچھی زندگی گزار رہے ہیں۔
بہروز سبزواری نے محبت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کبھی کسی سے یک طرفہ محبت نہیں ہوئی اور نہ ہی ان سے کسی کو محبت ہوئی اور ساتھ ہی کہا کہ اگر کسی کو ان سے یک طرفہ محبت ہوئی بھی ہوگی تو مذکورہ شخص نے انہیں اس کا پتا نہیں لگنے دیا۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں انکشاف کیا کہ ’خدا کی بستی‘ کے بعد جب وہ لڑکپن سے جوانی میں داخل ہو رہے تھے تو وہ ٹی وی کی متعدد اداکاروں پر فدا تھے، کئی اداکارائیں ان کا ’کرش‘ تھیں۔
بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ تاہم انہوں نے کبھی کسی اداکارہ کو یہ پتا نہیں لگنے دیا کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں۔
سینیئر اداکار نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن طور پر جن اداکاراؤں پر وہ فدا تھے، ان میں سے زیادہ تر اداکارائیں بعد ازاں ڈراموں میں ان کی ماں کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں۔
اگرچہ بہروز سبزواری نے اعتراف کیا کہ وہ متعدد ٹی وی اداکاراؤں پر فدا تھے، تاہم انہوں نے کسی اداکارہ کا نام نہیں بتایا۔












لائیو ٹی وی