وزیراعظم بننے میں دلچسپی نہیں، زرداری
اسلام آباد: سبکدوش ہونے والے پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں وزیراعظم بننے میں دلچسپی نہیں بلکہ اس کے بجائے وہ پارٹی کی قیادت کرنے پر توجہ دیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چئرمین زرداری اتوار کو نو منتخب صدر ممنون حسین کے لیے اپنا عہدہ خالی کررہے ہیں جو کہ وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور تاجر ہیں۔
پی پی پی کو رواں سال ایک بے جان الیکشن مہم چلانے کے بعد عام انتخابات کے دوران پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
ایک نجی ٹیلی ویژن چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے توقعات کے برعکس پانچ سال اقتدار پر براجمان رہنے والے زرداری کا کہنا تھا 'میں پاکستان کا وزیراعظم بننے کی کوشش نہیں کروں گا'۔
انہوں نے کہا 'میرے خیال سے وزیراعظم بننے سے زیادہ اہم پارٹی کی قیادت کرنا ہے'۔
کرپشن کے الزامات پر گیارہ سال جیل میں گزارنے والے زرداری جو کہ ایک متنازعہ شخصیت ہیں، نے کہا کہ صدارت پاکستان کا سب سے بڑا عہدہ ہے اور ان کا وزیراعظم بننا مناسب نہیں ہوگا۔
زرداری ایک ایسے موقع پر صدارت کے عہدے سے رخصت ہورہے ہیں جب ملک توانائی، بد حال معیشت اور عسکریت پسندی جیسے بحرانوں سے دو چار ہے۔
توقع ظاہر کیا جارہی ہے کہ وہ اپنا وقت پاکستان اور دبئی میں گزاریں گے اور اپنے بیٹے اور پی پی پی کے چئرمین بلاول کے ساتھ پارٹی کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔