چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 2 قیمتی سرکاری گاڑیاں واپس کردیں، نیلامی کی ہدایت

02 دسمبر 2023
ان دونوں گاڑیوں میں ایک مرسڈیز بینز اور ایک بلٹ پروف ٹویوٹا لینڈ کروزر شامل ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
ان دونوں گاڑیوں میں ایک مرسڈیز بینز اور ایک بلٹ پروف ٹویوٹا لینڈ کروزر شامل ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس کے استعمال کے لیے مختص 2 لگژری گاڑیاں واپس کرنے اور نیلام کرنے کا حکم دے دیا، ان دونوں گاڑیوں میں ایک مرسڈیز بینز اور ایک بلٹ پروف ٹویوٹا لینڈ کروزر شامل ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کیبنٹ سیکریٹری اسلام آباد اور پنجاب کے چیف سیکریٹریز کو ایک صفحے پر لکھے گئے خط میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے ہدایت دی کہ ان گاڑیوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کو انتہائی ضروری پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال کیا جائے۔

خط میں کہا گیا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے علم میں یہ بات آئی کہ ستمبر 2020 میں سپریم کورٹ نے چیف جسٹس کے لیے ایک نئی مرسڈیز بینز ’2996 سی سی سیڈان (رجسٹریشن نمبر ایس سی 001) خریدی اور حکومتِ پنجاب کی طرف سے بلٹ پروف ٹویوٹا لینڈ کروزر نمبر ایل ای جی-500 خریدی تھی، لینڈ کروزر اس وقت جی او آر لاہور میں سپریم کورٹ ریسٹ ہاؤس میں کھڑی ہے۔

اس میں کہا گیا کہ چیف جسٹس اور ہر جج کو قواعد کے مطابق 2 گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں لیکن چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مرسڈیز سیڈان یا ٹویوٹا لینڈ کروزر استعمال نہیں کی۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آئینی اور پبلک آفس ہولڈرز کے استعمال کے لیے امپورٹڈ لگژری گاڑیاں خریدنا محدود عوامی وسائل کا نامناسب استعمال ہے۔

مرسڈیز بینز جسٹس گلزار احمد کے دور میں بطور چیف جسٹس حاصل کی گئی تھی، جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس بننے کے بعد مرسڈیز بینز استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اس کے بجائے انہوں نے تمام اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کو فراہم کی جانے والی ہونڈا سوک کا استعمال کیا۔

سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کابینہ ڈویژن نے پھر سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو بلٹ پروف بی ایم ڈبلیو ایکس-5 فراہم کی جوکہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد حکومت کو واپس کر دی گئی۔

فی الوقت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے سرکاری امور کے لیے ٹویوٹا کرولا استعمال کر رہے ہیں، اس سے قبل چیف جسٹس کے عہدے پر براجمان رہنے والی تمام شخصیات نے عام طور پر اسی طرح کی مرسڈیز بینز گاڑیاں سرکاری امور کے لیے استعمال کی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں