انڈین مصنفہ کے مبینہ قاتل گرفتار، افغان ترجمان
کابل: افغان پولیس نے ایک ہندوستانی مصنفہ کے قتل کے الزام میں دو شدت پسندوں کو گرفتار کیا ہے۔
گزشتہ بدھ کو مسلح نقاب پوش افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیکا میں 49 سالہ شسمیتا بینرجی کو ان کے گھر سے گھسیٹتے ہوئے باہر لائے اور گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔
پکتیکا کے گورنر کے ترجمان مخلص افغان نے منگل کو میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے قتل کا اعتراف کیا ہے'۔
'ان دونوں افراد کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے ہے اور انہیں پیر کو پکتیکا صوبے کا دارالخلافہ شادان سے حراست میں لیا گیا'۔
خیال رہے کہ شسمیتا کی بیس سالہ پہلے طالبان کی قید سے ڈرامائی فرار پر مبنی کتاب ' کابلی والے کی بنگالی بیوی' پر بالی وڈ میں ایک فلم بھی بنائی گئی تھی ۔
افغان کے مطابق گرفتار ہونے والوں نے اپنے اعترافی بیان میں کہا ہے کہ انہیں مصنفہ کو قتل کرنے کا حکم دیا گیا تھا،کیونکہ ان کی کتاب پر مبنی فلم میں طالبان کی توہین کی گئی تھی۔
ترجمان نےبتایا کہ ملزمان کا کہنا ہے کہ شسمیتا کے گھر میں انٹرنیٹ تھا اور وہ ہندوستان کیلئے جاسوسی کرتی تھیں۔
یاد رہے کہ طالبان نے گزشتہ ہفتے اس قتل میں ملوث ہونے سے انکار کیا تھا۔
شسمیتا بینرجی کی ایک مقامی بزنس مین جانباز خان کے ساتھ شادی ہوئی تھی اور حال ہی میں وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کیلئے پکتیکا واپس آئی تھی۔
شسمیتا مبینہ طور پر خواتین کے لئے ایک کلینک بھی چلاتی تھی۔