شرپسند پرامن انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں، آئی جی سندھ

06 فروری 2024
آئی جی سندھ رفعت مختار راجا کی زیرصدارت عام انتخابات 2024 میں سیکیورٹی اور امن وامان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا— فوٹو بشکریہ ایکس
آئی جی سندھ رفعت مختار راجا کی زیرصدارت عام انتخابات 2024 میں سیکیورٹی اور امن وامان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا— فوٹو بشکریہ ایکس

آئی جی سندھ رفعت مختار راجا نے کہا ہے کہ شرپسند اور ملک دشمن عناصر پرامن انتخابی عمل اور انتظامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

آئی جی سندھ رفعت مختار راجا کی زیرصدارت عام انتخابات 2024 میں سیکیورٹی اور امن وامان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔

سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، سیکیورٹی، ایس پی یو، آر آر ایف، اے آئی جیز، آپریشنز، فنانس، لاجسٹکس اور ایڈمن نے شرکت کی جبکہ کراچی کے زونل ڈی آئی جیز، شہید بے نظیرآباد، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور میرپور خاص رینج نے متعلقہ ضلعی ایس ایس پیز کے ہمراہ بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ آج رات 12بجے کے بعد انتخابی مہم ختم ہو جائے گی اور کل سے پولیس کی نفری کی تعیناتی اور انتخابی سامان کی ترسیل کا مرحلہ شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک سیکیورٹی انتظامات قابل اطمینان رہے ہیں اور اب تمام افسران اپنے ماتحت عملے اور انتخابی سامان کی ترسیل کو بہتر انداز میں یقینی بنائیں۔

اجلاس میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ نے بھی سیکیورٹی اور امن و امان کے حوالے سے بریفنگ دی۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ عام انتخابات سے دو دن قبل شرپسندی اور دہشت گردی کے عوامل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور شرپسند اور ملک دشمن عناصر پرامن انتخابی عمل اور انتظامات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران انتخابی عملے، سامان، رائے دہندگان اور امیدواروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنائیں اور پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات نفری اور ہیڈکوارٹرز کے درمیان بلا تعطل روابط بھی یقینی بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ افسران اور جوان سندھ پولیس کا فخر ہیں اور پولیس انتخابات کی سیکیورٹی کے لیے فرنٹ لائن پر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں