کراچی: مشتعل ہجوم نے دو ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگا دی

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2024
پولیس نے زخمی ڈاکوؤں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا— فائل فوٹو: رائٹرز
پولیس نے زخمی ڈاکوؤں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا— فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی کے علاقے نیو کراچی میں مشتعل ہجوم نے لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکوؤں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ لگانے کی کوشش کی تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ملزمان کو بچا لیا۔

ایس ایس پی وسطی ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ کراچی کے علاقے نیو کراچی میں مشتعل ہجوم نے دو مشتبہ ڈاکوؤں کو بری طرح مارا پیٹا اور انہیں آگ لگانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ان کی جان بچا لی۔

ان کا کہنا تھا کہ نارتھ کراچی سیکٹر 5، سی 4 میں مشتعل عوام نے ڈاکوؤں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر ان پر ڈاکوؤں کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی۔

پولیس افسر نے بتایا کہ لوگوں نے بلال کالونی پولیس اسٹیشن کی حدود میں دو مشتبہ افراد کو پکڑا، انہیں شدید مارا پیٹا اور جلانے کی کوشش کی لیکن پولیس موقع پر پہنچ کر ملزمان کو اپنی تحویل میں لے لیا اور علاج کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی شناخت عبداللہ اور شاہ زیب کے نام سے ہوئی ہے جن کے قبضے سے دو پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان نے موٹر سائیکل کو سرجانی ٹاؤن سے چھینا گیا تھا اور اس کا مقدمہ حال ہی میں درج کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی ذیشان شفیق نے کہا کہ ایک زخمی ملزم شاہ زیب کا ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ تھا اور اسے اورنگی ٹاؤن کی اقبال مارکیٹ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

پولیس نے زخمی ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

پولیس افسر نے کہا کہ جن لوگوں نے مشتبہ افراد کی نشاندہی کے بعد انہیں جلانے کی کوشش کی ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں