• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

میٹرک اور انٹر کے بعد اے لیول کا پرچہ بھی امتحان سے قبل لیک ہونے کا انکشاف

شائع May 4, 2024
فائل فوٹو: ڈان
فائل فوٹو: ڈان

ملک میں میٹرک اور انٹر کے بعد کیمبرج کے امتحانات کے پرچے بھی امتحانات سے قبل ہی آؤٹ اور لیک ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے امتحان سے قبل اے لیول کے ریاضی کے پرچے کے مبینہ آن لائن لیک ہونے کے معاملے کی ہنگامہ بنیادوں پر انکوائری شروع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سوشل پلیٹ فارمز بالخصوص فیس بُک گروپس پر شیئر کی گئی پوسٹس میں طلبا نے دعویٰ کیا کہ ریاضی کا پرچہ امتحان شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے آن لائن لیک ہو گیا تھا۔

پرچہ لیک ہونے سے امتحان میں بیٹھے طلبہ میں کافی بے چینی پھیل گئی کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ اگر پیپر منسوخ ہو گیا تو اس سے ان کی رینکنگ اور مستقبل کے تعلیمی مواقع پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔

طلبہ نے پرچہ لیک ہونے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پڑھائی اور امتحانات کی تیاری کی تھی۔

اس تمام ہنگامہ آرائی کے دوران کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے معاملے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا۔

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کی جانب سے فیس بک پر شیئر کی گئی پوسٹ میں معاملے کی تحقیقات کے اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہم 02 مئی 2024 کو اے ایس لیول کے ریاضی 9709 پیپر 12 کے لیک ہونے کے بارے میں تحفظات پر غور کر رہے ہیں اور برٹش کونسل معاملے کی کھوج کررہا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کیمبرج اور برٹش کونسل آپس میں رابطے میں ہیں، کیمبرج اور برٹش کونسل ہمارے امتحانات میں دیانتداری اور انصاف پسندی کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہم تمام امیدواروں کے لیے اچھے اور محفوظ امتحانی تجربے کو یقینی بنانے کے لیے اسکولوں کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہمارے پاس اس حوالے سے مزید معلومات ہوں گی تو ہم آپ کو آگاہ کریں گے اور فیس بک کے کمنٹ یا براہ راست پیغامات کے ذریعے مزید معلومات فراہم نہیں کریں گے۔

اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوسکا کہ کوئی پیپر لیک ہوا تھا کیونکہ یہ فی الحال صرف ایک الزام ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن اور برٹش کونسل سے وابستہ ذرائع پر امید ہیں کہ تحقیقات اگلے ہفتے کے وسط تک مکمل ہو جائیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024