• KHI: Sunny 27.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.1°C
  • KHI: Sunny 27.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 20.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.1°C

رؤف حسن 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے

شائع July 31, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما رؤف حسن کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے رؤف حسن کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کرتے ہوئے ان کا روزانہ کی بنیاد پر میڈکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کردی۔

اے ٹی سی جج طاہر عباس سِپرا نے رؤف حسن کے خلاف دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمے پر سماعت کی، رؤف حسن کے وکیل علی بخاری عدالت پیش ہوئے، پروسیکیوٹر نے رؤف حسن کے 5 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا ان ناموں کی تفتیش کرنی جنہوں نے بارودی مواد دیا، معلوم کرکے دیگر ملزمان کو گرفتار کرنا ہے، کل رؤف حسن کو شامل تفتیش کیا۔

وکیل علی بخاری نے کہا کہ رؤف حسن کو گزشتہ روز ایف آئی اے کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا گیا تھا، ہمیں یہ کلیئر نہیں ہورہا کہ سی ٹی ڈی نے رؤف حسن کو گرفتار کب کیا ؟ جج نے ریمارکس دیے 30 جولائی کی ضمنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ رؤف حسن کو کچہری کے احاطے سے ہی تفتیش میں شامل کرلیا گیا۔

وکیل صفائی نے کہا مطلب ہوا کہ کل ہی گرفتاری ڈال دی گئی تھی، رؤف حسن گزشتہ 8 روز سے ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں، دہشت گردی کے مقدمے میں رؤف حسن نامزد نہیں ہیں، بیان کی روشنی میں گرفتار کیا گیا ہے ، الزام لگایا گیا کہ احمد وقاص جنجوعہ کو دہشت پھیلانے کے لیے 3 لاکھ روپے دیے، پیسے برآمد کرنے کے لیے تو جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے استدلال کیا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے متعدد افراد کے موبائل فونز واپس کرائے تھے، رؤف حسن کے موبائل فون ، لیپ ٹاپ ایف آئی اے کے پاس ہیں، اب جسمانی ریمانڈ کیوں چاہیے؟

بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اے ٹی سی نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر رؤف حسن کو سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا۔

قبل ازیں آج ہی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے رؤف حسن و دیگر کی پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت درج مقدمے میں ضمانت بعد ازاگرفتاری کی درخواست پر سماعت کی تھی جب کہ وہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے رہنما پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن و دیگر9 ملزمان کے خلاف پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔

23 جولائی کو اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) کے حوالے کردیا تھا۔

22 جولائی کو اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹریٹ پر چھاپہ مار کر سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو گرفتار کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2025
کارٹون : 17 دسمبر 2025