• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am

’برزخ‘ معاشرے کی عکاسی، ملک میں ہم جنس پرستی، بچے بازی ہو رہی ہے، روبینہ اشرف

شائع August 5, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ روبینہ اشرف نے ویب سیریز ’برزخ‘ کا دفاع کرتے ہوئے دلیل دی ہے کہ اس میں معاشرے میں ہونے والے مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے، پاکستان میں ہم جنس پرستی اور بچے بازی ہو رہی ہے۔

روبینہ اشرف نے حال ہی میں ماریہ واسطی کے ہمراہ سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ’برزخ‘ پر بھی بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں برزخ جیسی بلکہ اس سے زیادہ بولڈ اور خطرناک کہانیاں ڈراموں میں پیش کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے اڈاری اور مائی ری سمیت دیگر ڈراموں کا تذکرہ بھی کیا اور انہیں برزخ کی کہانی سے زیادہ بولڈ قرار دیا۔

سینیئر اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ماضی میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے دور میں بھی بولڈ کہانیاں پیش کی جا چکی ہیں اور ڈراموں میں وہی دکھایا جاتا ہے جو معاشرے میں ہو رہا ہوتا ہے۔

ان کے مطابق ڈرامے کسی فعل یا خرابی کی طرف ترغیب نہیں دیتے بلکہ وہ تعلیم اور شعور دیتے ہیں کہ فلاں برائی معاشرے میں پھیلی ہوئی ہے، اسے ٹھیک کریں، سمجھیں۔

روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ لوگ ڈراموں سے سیکھنا نہیں چاہتے، اب سوشل میڈیا کا دور ہے اور لوگ سوشل میڈیا کی طاقت کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’برزخ‘ میں وہ چیز اور کہانیاں دکھائی جا رہی ہیں جو پہلے سے ہی معاشرے میں موجود ہیں، سماج میں ہم جنس پرستی موجود ہے۔

روبینہ اشرف کے مطابق ملک بھر میں آج بھی ٹرک ڈرائیور کہیں رات گزارتے ہیں تو وہ وہاں ہوٹل کا کمرہ اور بسترا لینے کے ساتھ بچہ بھی مانگتے ہیں اور یہ چیزیں ہو رہی ہیں۔

روبینہ اشرف نے سماج میں ہونے والے بچہ بازی جیسے جرائم کو برزخ میں رومانوی اور رضامندی کے ہم جنس پرستی کے مناظر سے بھی جوڑا اور کہا کہ یہ سب چیزیں معاشرے میں ہو رہی ہیں۔

اسی دوران ماریہ واسطی نے بھی کہا کہ ’برزخ‘ میں وہی دکھایا جا رہا ہے جو معاشرے میں ہو رہا ہے۔

شو کے دوران میزبان اور مہمانوں کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ ماضی میں پاکستانی فلم بول میں بھی ٹرانس جینڈر کردار دکھایا جا چکا ہے اور اس کی مشکلات بھی دکھائی جا چکی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی ہدایت کار عاصم عباسی اور پاکستانی کاسٹ پر مبنی ویب سیریز برزخ میں دو ہم جنس پرست مرد کرداروں کو دکھایا گیا ہے، جس پر پاکستانی شائقین کی جانب سے غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

مذکورہ ویب سیریز کو بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے بنایا گیا ہے اور اسے زی زندگی کے یوٹیوب چینل پر بھی ریلیز کیا جا رہا ہے، اب تک سیریز کی پانچ قسطیں نشر کی جا چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024