• KHI: Sunny 28.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.2°C
  • KHI: Sunny 28.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 22.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 21.2°C

ترکیہ کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو، سیکڑوں لوگوں کا انخلا

شائع August 17, 2024
ازمیر میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے ’سکورسکی‘ کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں — فوٹو: انادولو ایجنسی
ازمیر میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے ’سکورسکی‘ کی مدد سے آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں — فوٹو: انادولو ایجنسی

ترکیہ کے میڈیا اور حکام نے بتایا ہے کہ ایجین کے سیاحتی شہر ازمیر میں تیسرے روز بھی آگ بجھانے کا کام جاری ہے اور راتوں رات سیکڑوں لوگوں کو نکالا گیا ہے۔

ترک خبر رساں ایجنسی ’انادولو‘ کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز لگنے والی آگ کو 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں نے رہائشی علاقوں تک پھیلنے میں مدد کی۔

نشریاتی ادارے ’این ٹی وی‘ کے مطابق تیز ہواؤں کی وجہ سے گراؤنڈ کیے جانے والے ہیلی کاپٹر اور واٹر بابمبرز ہفتے کی صبح دوبارہ آگ بجھانے کی کارروائی میں شامل ہوگئے ہیں۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا کا کہنا ہے کہ ازمیر کے پانچ متاثرہ اضلاع سے رات کو 900 رہائشیوں کو نکالا گیا ہے۔

ایک عینی شاہد نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ آگ کے گہرے دھوئیں نے ترکیہ کے تیسرے بڑے شہر کے آسمان کو سرخ رنگ میں تبدیل کردیا ہے۔

ترکیہ کے وزیر زراعت اور جنگلات ابراہیم یوماکلی نے کہا ہے کہ ’اس وقت 2 جہاز اور 11 ہیلی کاپٹر آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ شہر میں رہنے والوں کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

ابراہیم یوماکلی نے مزید بتایا کہ آگ لگنے سے 16 ہزار ہیکڑ (3 ہزار 900 ایکٹر) کا علاقہ متاثر ہوئی ہے۔

شمال مغربی بولو اور مغرب میں آیدن سمیت ترکیہ کے دوسرے شہروں کے جنگلاتی علاقوں میں چھ مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے۔

انادولو ایجنسی کے مطابق ایجین صوبے میں آیدین کے بوزدوغان ضلع میں آگ بجھانے کی کارروائیوں میں 300 افراد شامل ہیں، آگ بجھانے کے لیے 32 فائر ٹرک، 11 واٹر ٹینکر اور 5 بل ڈوزر کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ضلع قرشی یاکا میں لگی آگ سے اب تک 16 گھر تباہ ہو چکے ہیں اور 87 گھروں اور 45 کاروباری جگہوں کو مجبوراً خالی کیا گیا ہے۔

آگ پھیلنے کی وجہ سے جانوروں کی ایک پناہ گاہ بھی خالی کر دی گئی ہے جبکہ جنگلات میں لگی آگ کے دھوئیں سے بیراک کلی اور چیغلی سمیت شہر کے متعدد حصے متاثر ہوئے ہیں۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی شدید موسمی حالات کا سبب بن رہی ہے جن میں ہیٹ ویوز کی شدت میں اضافہ ہونا بھی شامل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 16 دسمبر 2025
کارٹون : 15 دسمبر 2025