سرینگر میں فائرنگ، ایک فوجی ہلاک
سرینگر: مشتبہ عسکریت پسندوں نے سرینگر کی ایک مصروف مارکیٹ میں ایک پیراملٹری فوجی کو گولی مار کر ہلاک جبکہ دوسرے کو شدید زخمی کردیا۔
ایک سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ مسلح باغیوں نے سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس(سی آئی ایس ایف) کے فوجیوں پر اس وقت گولی چلائی جب وہ مارکیٹ سے سبزیوں کی خریداری کر رہے تھے ۔
سرینگر کے پولیس آفیسر عاشق بخاری نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک فوجی موقع پر ہلاک اور دوسرے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔
حملہ آور واقعہ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
ہمالیائی خطہ میں، جہاں بھاری تعداد میں فوج تعینات ہے، 1989ء سے ایک درجن کے قریب باغی گروپ انڈین فورسز کے خلاف آزادی یا پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے لڑ رہے ہیں۔
اس لڑائی میں ہزاروں افراد، جن میں زیادہ تر عام شہری شامل ہیں،مارے جا چکے ہیں۔
سن 2004 میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان امن عمل کے آغاز کے بعد سے متنازعہ کشمیر میں عسکریت پسندوں کے حملے میں کمی آئی ہے۔
کسی باغی گروپ نے پیر کو ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔