’انضمام الحق کا بھتیجا چاچا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے‘، امام الحق کے رن آؤٹ پر وائرل میمز
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دوران فخر زمان کے ان فٹ ہونے پر قومی ٹیم میں شامل کیے جانے والے امام الحق بھارت کے خلاف میچ میں 10 رنز پر رن آؤٹ ہوئے تو سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان آگیا۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف ہار گئی تھی تاہم اس میچ میں قومی ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان بھی ان فٹ ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگئے تھے۔
فخرزمان کے ان فٹ ہونے پر قومی ٹیم مینجمنٹ نے آئی سی سی کی منظوری سے امام الحق کو ٹیم میں شامل کیا اور چیمپئنز ٹرافی کے اپنے دوسرے میچ میں بھارت کے خلاف انہوں نے بابراعظم کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

امام الحق نے 26 گیندوں پر 10 رنز بنائے اور جلد بازی میں رن بنانے کے چکر میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، مڈ وکٹ پر رن لینے کی کوشش کے دوران اکشر پٹیل کی تھرو ڈائریکٹ وکٹ پر لگی جس سے وہ رن آؤٹ ہوگئے۔
کرکٹ میں رن آؤٹ ہونا ایک معمول کی بات ہے اور بڑے بڑے کھلاڑی اس طرح آؤٹ ہوچکے ہیں لیکن امام الحق کے رن آؤٹ کو لے کر سوشل میڈیا پر میمز کا طوفان امڈ آیا ہے۔
دراصل، صارفین امام الحق کے چچا اور قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق سے ان کا موازنا کررہے ہیں جو پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ بار رن آؤٹ ہونے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کمنٹری باکس میں مووجود وسیم اکرم، سنیل گواسکر اور روی شاستری کی ایک تصویر وائرل ہورہی ہے جس میں مبینہ طور پر روی شاستری اپنے ساتھیوں سے پوچھتے ہیں ’امام الحق رن آؤٹ ہوگئے، انضمام الحق بھی بہت رن آؤٹ ہوا کرتے تھے‘۔
انہوں نے پوچھا کیا کہ یہ ان کی فیملی میں چلتا ہے؟ جس پر سنیل گواسکر نے جواب دیا کہ نہیں، یہ ان کی فیملی میں نہیں چلتا کیوں کہ ان کی فیملی رن نہیں لے سکتی۔

کلدیپ مشرا نامی صارف نے انضمام الحق کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی پوسٹ میں لکھا ’ جس کا نام امام الحق ہو اسے رن آؤٹ تو ہونا ہی تھا’۔

ایک اور صارف نے امام الحق کی رن آؤٹ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’امام الحق نے صرف 10 رن پر رن آؤٹ ہونے کے لیے لاہور سے دبئی تک 5 ہزار 14 کلو میٹر کا سفر طے کیا۔
ابھیشک شرما نے امام الحق اور انضمام الحق کی میچ کے دوران رن آؤٹ ہونے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’پاکستان کے چچا اور بھتیجا ایک جیسے نقش قدم پر چلتے ہیں، یہ ان کی فیملی میں مقابلہ ہے کہ کون اچھے سے رن آؤٹ ہوتا ہے‘۔

آل کرکٹ ریکارڈ نامی ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے ون ڈے انٹرنیشنل میں امام الحق کے ڈیبیو کے بعد سے پاکستان میں سب سے زیادہ رن آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی۔
اس فہرست کے مطابق سب سے زیادہ امام الحق 6 بار، حارث سہیل 4، سرفراز احمد 4 اور بابراعظم 3 بار رن آؤٹ ہوئے۔
پوسٹ میں مزید لکھا ’امام الحق کے چچا انضمام الحق پاکستان کی تاریخ میں ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 40 بار رن آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہیں۔













لائیو ٹی وی