بھارت کے خلاف شکست، پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات ختم
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی مسلسل دوسری شکست کے بعد ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں تقریباً دم توڑ گئیں اور دوسری جانب بھارت نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ہائی وولٹیج ٹاکرا دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تاہم شائقین کرکٹ کی امیدوں کےبرعکس یہ میچ یکطرفہ ثابت ہوا اور بھارت نے آسانی سے پاکستان کو شکست دے دی۔
بھارتی ٹیم کھیل کے ہر شعبے میں پاکستانی ٹیم کو آؤٹ کلاس کیا جب کہ قومی بیٹرز مواقع ملنے کے باوجود اننگز کو لمبی نہ کرسکے اور غلط شارٹ کھیل کر اپنی وکٹیں گنواتے رہے جب کہ قومی ٹیم کی باؤلنگ اور فیلڈنگ میں انتہائی ناقص رہی۔
پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 242 رنز کا آسان ہدف دیا جو ویرات کوہلی اور شریاس ایئر کی شاندار اننگز کی بدولت بھارتی ٹیم نے 7 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا۔
بھارت کی جانب سے شریاس ایئر نے نصف سینچری اسکور کی تاہم تمام تر توجہ کا مرکز ویرات کوہلی رہے جنہوں نے نہ صرف اس میچ میں ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے 14 ہزار رنز مکمل کیے بلکہ میچ کی آخری گیند پر چوکا لگاکر اپنی 51ویں سینچری بھی مکمل کی۔
پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں تقریباً دم توڑ گئیں اگر مگر کی صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔
پاکستان کو اب نیوزی لینڈ کی بقیہ دونوں میچز میں شکست کا انتظار کرنا ہوگا اور بنگلہ دیش کو بھاری مارجن سے شکست دینا ہوگی جس کے بعد رن ریٹ کی بنیاد پر کوئی بھی ٹیم آگے جائے گی۔
دوسری جانب، بھارت نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرنے والے ویرات کوہلی کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل میں پہنچنے پر بہت اچھا لگ رہا ہے۔
قومی ٹیم کی سلیکشن پر سوال؟
چیمپیئیمنز ٹرافی کے لیے منتخب پاکستان اسکواڈ کے اعلان کے بعد سابق کرکٹرز اور عوام نے شدید تنقید کی لیکن سلیکشن کمیٹی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی، رہی سہی کسر فخرزمان کی انجری نے پوری کردی۔
اتنے بڑے ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم میں کوئی دوسرا اسپیلسٹ اسپنر تھا اور نہ ہی کوئی ریگولر اوپنر منتخب کیا گیا، فہیم اشرف، طیب طاہر اور عثمان خان کی سلیکشن پر شائقین سراپا احتجاج رہے۔
پاکستان شاہین کی جانب سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد حارث کو بطور اوپنر نہ کھلانے اور ان پر عثمان خان کو ترجیح دینے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
واضح رہے قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب دورہ جنوبی افریقہ میں انجری کے بعد چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئے تھے۔













لائیو ٹی وی