امریکی سرمایہ کار پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے موا قع سے فائدہ اٹھائیں، وزیراعظم
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے موا قع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئرکی قیادت میں امریکی وفد نے ملاقات کی، وزیراعظم نے امریکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری ایرک میئر نے پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔
انہوں نے پاکستان کے معدنیات کے شعبے کی وسیع استعداد کا اعتراف کرتےہوئےامریکی کمپنیوں کی جانب سے اس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سے آگاہ کیا۔
ایرک میئر نے مشترکہ دلچسپی کے امور پر پاکستان کے ساتھ کام کرنے کی امریکی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
آرمی چیف سے امریکی وفد کی ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے جنرل ہیڈکوارٹرز میں امریکی محکمہ خارجہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینئر بیورو آفیشل ایرک میئر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات پاکستان کی معدنی سرمایہ کاری فورم کے پس منظر میں ہوئی، اس اپنی نوعیت کے پہلے فورم کی تعریف کرتے ہوئے وفد نے باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داریوں کے ذریعے پاکستان کی وسیع غیر استعمال شدہ معدنی دولت کو ترقی دینے کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ایرک میئر نے امریکی انتظامیہ کی ترجیحات پر تبصرہ کرتے ہوئے، جہاں پاکستان کے ساتھ معدنی ترقی میں تعاون باہمی دلچسپی کا بنیادی شعبہ ہے، پاکستان کی مسلسل بہتر ہوتی ہوئی سرمایہ کاری کی صورتحال میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
اس ملاقات نے دونوں فریقوں کو عالمی پیش رفت اور پاکستان کے علاقائی سلامتی کے تقاضوں پر اپنے نقطہ نظر کا اشتراک کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کے مثبت راستے پر اعتماد کا اظہار کیا اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے موجودہ تعاون کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ کاروباری راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
پاک افواج کے ترجمان ادارے کے مطابق ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کی مثبت سمت میں پیشرفت پر بھی بات چیت ہوئی اور عالمی حالات اور علاقائی سیکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کی سمت کو مثبت قرار دیا گیا اور مزید مضبوط کرنے کےلیے تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔












لائیو ٹی وی