’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں کا دوغلہ پن دیکھا، نعیمہ بٹ
گزشتہ برس کے مقبول ڈرامے ’کبھی میں، کبھی تم‘ میں رباب نامی بولڈ خاتون کا اہم کردار ادا کرنے والی نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ساتھی اداکاروں کے دوغلے پن کو دیکھا اور زندگی بھر کے لیے سبق سیکھیں۔
نعیمہ بٹ نے حال ہی میں مزاحیہ پروگرام ’گپ شب‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں دکھاوے کی دوستیوں اور دوغلے پن پر بھی گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی اور کے حوالے سے کچھ نہیں کہیں گی لیکن جو انہوں نے خود تجربہ کیا ہے، اس پر وہ رائے دے سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر شوبز انڈسٹری کی دوستیاں دکھاوا ہوتی ہیں، وہ صرف سوشل میڈیا تک محدود رہتی ہیں۔
ان کے مطابق عام طور پر سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ اور اچھا رویہ دکھا کر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہیں لیکن حقیقت اس کے بر عکس ہوتی ہے۔
نعیمہ بٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران دوغلے پن اور دکھاوے کی دوست کو نوٹ کیا اور زندگی بھر کے لیے سبق سیکھ گئیں کہ ہر دکھاوا دوستی نہیں ہوتی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران جو اداکار کیمرے کے ساتھ ان کے ساتھ اچھا رویہ رکھتے تھے، کیمرا بند ہوتے ہی ان کا رویہ تبدیل ہوجاتا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کیمرا بند ہونے کے بعد انہیں ایک ساتھ اسٹیج پر آنے تک نہیں دیا جاتا تھا۔
نعیمہ بٹ نے کہا کہ ان کے پاس ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران ہونے والی بہت ساری باتیں ہیں لیکن وہ بتانا نہیں چاہتیں۔
ان کے مطابق انہوں نے بھی مذکورہ ڈرامے کے دوران سیکھا کہ ہر دکھاوا دوستی نہیں ہوتی اور وہ مستقبل میں محتاط رہیں گی۔
اداکارہ نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالنے کا مقصد صارفین کی توجہ حاصل کرنا اور تعریفیں بٹورنا ہوتا تھا اور لوگوں کو یہ دکھایا جاتا تھا کہ بڑے اداکار کسی سے خوف زدہ نہیں ہوتے، وہ سب کے ساتھ ایک جیسا رویہ رکھتے ہیں۔
اگرچہ انہوں نے ’کبھی میں، کبھی تم‘ کی شوٹنگ کے دوران اپنے ساتھ دوغلے پن کا انکشاف کیا، تاہم انہوں نے کسی بھی ساتھی اداکار کا نام نہیں لیا۔
مذکورہ ڈرامے میں ان کے ساتھ ہانیہ عامر، فہد مصطفیٰ، اریج چوہدری، عماد عرفانی، بشریٰ انصاری اور جاوید شیخ جیسی شخصیات نے کام کیا تھا۔
ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران نعیمہ بٹ کی ہانیہ عامر، عماد عرفانی اور فہد مصطفیٰ کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر بھی وائرل ہوتی رہیں لیکن اب اداکارہ نے انکشاف کیا ہے کہ شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھ بنوائی گئیں ویڈیوز اور تصاویر دکھاوا تھیں۔












لائیو ٹی وی