پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کیلئے بھارت نہیں جائے گی، چیئرمین پی سی بی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے دوٹوک الفاظ میں بتادیا معاہدے کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم ویمنز ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت نہیں جائے گی ۔
لاہور اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، معاہدے کے تحت اب یہ فیصلہ میزبان ملک کو کرنا ہے وہ نیوٹرل وینیو کونسا چنتا ہے، وہ جو بھی مقام رکھتے ہیں ہماری ٹیم وہاں جائے گی لیکن بھارت نہیں جائے گی۔
پاکستان میں ہونے والے ویمنز کوالیفائیر راؤنڈ میں قومی ویمنز ٹیم کی بہترین کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ٹیم متحد ہو کر کھیلتی ہو تو کامیابی ملتی ہے، ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی ان کے لیے انعام بھی ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہر چیز کو وقت چاہیے ہوتا ہے، ویمنز ٹیم میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں ہوتی رہیں پھر ٹیم ایک ٹریک پر آگئی، اسی طرح انڈر 19 ، شاہینز اور قومی ٹیم بھی ٹریک پر آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے آئندہ ہفتے فیصلے ہوں گے، عاقب جاوید کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا، اب جلد نئے کوچ کا اعلان کریں گے۔
ویمنز پی ایس ایل سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ہم ابھی کچھ دیگر پراجیکٹس پر کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے بھی جلد کوئی اپ ڈیٹ دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی اور تمام 5 میچز میں کامیابی حاصل کرکے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔











لائیو ٹی وی