• KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.3°C
  • KHI: Sunny 17.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 11.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 12.3°C

اسرائیلی وزیر خزانہ کا غزہ پر مکمل قبضے اور صہیونی فوج کی حکومت کا مطالبہ

شائع April 20, 2025
بیزل اسموٹریچ نے کہا کہ حماس کی مکمل شکست اور غزہ کی پٹی سے بے دخلی کے بغیر ختم نہیں ہونی چاہیے
— فائل فوٹو: ڈی پی اے
بیزل اسموٹریچ نے کہا کہ حماس کی مکمل شکست اور غزہ کی پٹی سے بے دخلی کے بغیر ختم نہیں ہونی چاہیے — فائل فوٹو: ڈی پی اے

دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر خزانہ بیزل اسموٹریچ نے غزہ کی پٹی پر مکمل قبضے اور ضرورت پڑنے پر اسرائیل کی جانب سے فوجی حکمرانی کا مطالبہ کیا ہے۔

جرمن خبر رساں ادارے ’ڈی پی اے‘ کی رپورٹ کے مطابق اسموٹریچ نے ’ایکس‘ پر عبرانی زبان میں لکھا کہ یہ ہماری حفاظت کا راستہ ہے، اور یرغمالیوں کو جلد سے جلد وطن واپس لانے کا یہی راستہ ہے۔

انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے اس بیان سے اتفاق کیا کہ غزہ کی جنگ حماس کی مکمل شکست اور غزہ کی پٹی سے بے دخلی کے بغیر ختم نہیں ہونی چاہیے۔

سنیچر کو نیتن یاہو نے ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو خطاب میں اپنے موقف کا اعادہ کیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے زور دے کر کہا تھا کہ ہم غزہ میں حماس کو تباہ کرنے، اپنے تمام یرغمالیوں کو واپس لانے، اور اس بات کو یقینی بنانے تک ’جنگ‘ ختم نہیں کریں گے کہ غزہ اب اسرائیل کے لیے خطرہ نہیں ہے۔

اسرائیلی اطلاعات کے مطابق غزہ کی پٹی میں اس وقت 24 زندہ یرغمالی اور 35 مغویوں کی لاشیں موجود ہیں، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی پر بالواسطہ مذاکرات اس وقت تعطل کا شکار ہیں۔

غزہ کی جنگ 7 اکتوبر 2023 کو حماس اور دیگر گروہوں کی قیادت میں اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی، جس میں تقریباً ایک ہزار 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور 200 سے زیادہ اسرائیلیوں کو غزہ کی پٹی میں یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

اس کے بعد سے غزہ کی پٹی میں حماس کے زیر کنٹرول ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق تقریبا 51 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025