غزہ سے یکجہتی کے نام پرفساد برپا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عظمیٰ بخاری

شائع April 20, 2025
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ غزہ سے یکجہتی کے نام پر فساد برپا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ترقی کرتے پنجاب پر تشدد پسند گروہ حملے کر رہےہیں، فلسطینیوں سے یکجہتی کے نام پر کاروبارکو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوال کیا کہ کیا پاکستان میں پیش آنے والے واقعات سے غزہ کے لوگوں کو فائدہ ہو رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں فوڈ چینز میں 25 ہزار پاکستانی کام کرتے ہیں، ان فوڈ چینز پر حملوں میں زخمی ہونے والے بھی پاکستانی ہیں اور جاں بحق ہونے والا بھی پاکستانی ہے۔

انہوں نے کہاکہ غزہ اور فلسطین کے نام پر آگ لگانے کی کوشش کرنے والے یقیناً نہ پاکستانی ہیں اور نہ پاکستان سے محبت کرتے ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جنہیں پاکستان میں امن اچھا نہیں لگتا، جنہیں پاکستان میں سرمایہ کاری آتی ہوئی اچھی نہیں لگتی، انہیں پاکستان کی ترقی اچھی نہیں لگتی۔

عظمیٰ بخاری نے کہاکہ غزہ اور فلسطین کے نام پر شرپسندی کے پیچھے غیر ملکی ہاتھ بھی ملوث ہوسکتا ہے،جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرناچاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ فلسطینی اور غزہ سے تعلق رکھنے والے ہمارے مظلوم بہن بھائی شہادتیں دے رہے ہیں، ان کے بچے اور عورتیں شہید ہورہی ہیں، وہ تو اللہ اکبر کا نعرہ لگاتے ہیں،کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہیں وہ کسی کو مارنے کی بات نہیں کرتے، انہوں نے تو بندوقیں نہیں اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام تو امن و آتشی کا مذہب ہے، جو غیر مسلموں کی بھی زندگی اور جان و مال کے تحفظ کا ضامن ہے اور یہاں پر ایک مسلمان دوسرے مسلمان کو غزہ کے نام پر مارنے کی کوشش کرے تو یہ ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فوڈ چینز فرنچائزز ہیں جنہیں پاکستانیوں نے خریدا ہوا ہے اور ان میں پاکستانی ہی کام کرتے ہیں اور روزگار کماتے ہیں، اگر یہ 25 ہزار پاکستانی بیروزگار ہوجائیں گے تو غزہ کے مسلمانوں کو کیا فائدہ ہوگا؟

انہوں متنبہ کیا کہ قطعی طور پر کسی کو بھی مذہب، یکجہتی یا سیاسی دہشت گردی کے نام پر امن و امان کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں سے یکجہتی کےنام پر منصوبہ بندی کےساتھ صرف پنجاب میں حملے ہو رہے ہیں، صوبے میں اب تک 149شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور 14 مقدمات درج کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 3 مقدمات میں 11 ملزمان گرفتار ہیں، شیخوپورہ میں ایک شخص کی شہادت پر ایک مقدمہ درج کیا گیا جس میں 71 ملزمان گرفتار ہیں، گوجرانوالہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں 8 ملزمان گرفتار ہیں۔ْ

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ راولپنڈی میں 3 مقدمات درج کرکے 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، ملتان میں ایک مقدمے میں 11ملزمان گرفتار ہیں، ساہیوال میں ایک مقدمے میں 6 ملزمان گرفتار ہیں، بہالپور میں 2 مقدمات میں 7 ملزمان گرفتار، رحیم یار خان میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں 2 ملزمان گرفتار ہیں جبکہ فیصل آباد میں بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکجہتی کے نام پر کسی کا کاروبار بند کرنا یا کسی کی جان لینا کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے اور اس پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے واضح کیا کہ بہت ساری مذہبی سیاسی جماعتیں اس حوالے سے ریلیاں اور پرامن احتجاج کررہی ہیں ان پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، ہم بھی ان میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان کے معاملے پر حکومت پاکستان عملی اقدامات کررہا ہے، وزیراعظم نے 8 قسطوں میں امدادی سامان غزہ بھجوایا ہے اور ایک قسط حال میں ہی بھیجی گئی ہے، او آئی سی اور عرب لیگ سمیت تمام عالمی فورمز پر وزیراعظم نے بہت مضبوطی سے غزہ کا مقدمہ لڑا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025