متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن زاید النہیان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عبداللہ بن زاید النہیان اتوار کی شام دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جن کا وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے استقبال کیا۔
دفتر خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
توقع ہے کہ عبداللہ بن زاید النہیان اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ باہمی تعلقات کے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کریں گے، جس میں خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی کے تعاون، علاقائی سلامتی اور عوام سے عوام کی سطح پر روابط پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، یہ ملاقات خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کی توثیق کرے گی۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لیے مختلف شعبوں میں دو طرفہ روابط کو گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔
شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا یہ دورہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کے 8 اپریل کو یہ اعلان کرنے کے بعد ہوا ہے کہ موجودہ مسائل کے حل کے بعد پاکستانی پانچ سالہ ویزے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات ہیں، متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور ترسیلات زر کا ایک بڑا ذریعہ ہے، جہاں پاکستانی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد رہتی اور کام کرتی ہے۔