جیسن گلیسپی نے کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کی، رقم اُن کی طرف نکلتی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ

شائع April 20, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے سابق ریڈ بال ٹیم کوچ جیسن گلیسپی کی جانب سے بقایا جات کی عدم ادائیگی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جیسن گلیسپی خود چھوڑ کر گئے، انہیں 4 ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم بورڈ کو ادا کرنی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سابق کوچ جیسن گلیسپی نے سیٹلمنٹ کیلئےخط لکھا تھا، جس پر انہیں کنٹریکٹ کی خلاف ورزی اور بقایا جات کا بتادیا گیا تھا۔

پی سی بی نے کہا کہ جیسن گلیسپی خود چھوڑگئے، کنٹریکٹ کے مطابق انہیں 4 ماہ کی تنخواہ کے برابر رقم بورڈ کو ادا کرنی ہے، معاہدے کے مطابق گلیسپی کو برطرف کرتےتو 4 ماہ کی تنخواہ ادا کی جاتی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ سابق کوچ جیسن گلیسپی کی باتیں بے بنیاد ہیں، انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کئی ماہ کی تنخواہ نہیں دی، مگر ان کا یہ الزام بے بنیاد ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں پی سی بی کی جانب سے جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے اسسٹنٹ کوچ ٹم نیلسن کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر اس وقت کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی پی سی بی سے ناراض ہوگئے اور انہوں نے جنوبی افریقہ جانے سے انکار کر دیا تھا۔

جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عاقب جاوید کو قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کر دیا تھا۔

اس سے قبل، نومبر 2024 میں پی سی بی نے عاقب جاوید کو چیمپئنز ٹرافی تک قومی وائٹ بال ٹیم کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا۔

اکتوبر 2024 میں پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، انہوں نے پی سی بی اور سلیکشن کمیٹی کے رکن عاقب جاوید سے اختلافات کی وجہ سے استعفیٰ دیا۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025