اہلیہ کے سابقہ معاشقے کا علم ہونے پر اعتراض نہیں ہوگا، نیر اعجاز

شائع April 22, 2025
—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

پاکستانی فلموں اور ڈراموں کے ولن نیر اعجاز کا کہنا ہے کہ اگر کبھی انہیں اہلیہ کے سابقہ معاشقے کا علم ہوگا تو وہ بالکل بھی اعتراض نہیں کریں گے، عورت کا بھی دل ہوتا ہے، اگر اس کا شادی سے قبل کسی پر دل آگیا ہوگا تو اس میں کوئی بری بات نہیں۔

نیر اعجاز نے حال ہی میں ’نیو ٹی وی‘ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف مسائل پر کھل کر بات کی۔

پروگرام کے دوران انہوں نے اپنے معاشقوں کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ انہیں پہلی بار 18 برس کی عمر میں ایک لڑکی سے پیار ہوگیا تھا۔

ان کے مطابق کم عمری کا پیار تھا، اس لیے زیادہ وقت تک نہیں چلا لیکن انہوں نے اپنی پہلی محبوبہ کو اپنی بہن کا ہار چوری کرکے تحفے میں دیا تھا جو بعد ازاں بہن نے محبوبہ کے گلے میں دیکھا تو والد سے شکایت لگائی۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اسی طرح انہوں نے دیگر چند معاشقے بھی کیے اور ان کا ایک عشق سات سال تک بھی چلا۔

نیر اعجاز کے مطابق ان کا بچپن کوئٹہ میں گزارا، ان کے والد بیمار تھے اور وہ گھر والوں کو بتائے بغیر اداکاری کے شوق میں کوئٹہ سے نکل آئے اور اپنی محبوبہ کو بھی چھوڑ آئے لیکن جب واپس ہوئے تو انہوں نے گلی میں محبوبہ کو تین بچوں کے ساتھ دیکھا۔

اداکار نے کہا کہ اس دن کے بعد انہوں نے اس خاتون کو دیکھنا چھوڑ دیا، آج بھی وہ ان کی عزت کرتے ہیں لیکن پھر ان سے کبھی محبت نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے والدہ کی پسند سے کشمیری بٹ خاندان کی لڑکی سے شادی کی اور وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں وفادار اور چاہنے والی خاتون ملی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ وہ بیوی کے سامنے کبھی اپنے معاشقوں کا ذکر نہیں کرتے، وہ اس طرح کی باتیں کبھی کبھار ٹی وی پروگراموں میں کر لیتے ہیں، بیوی کے سامنے ان کا دل نہیں دکھاتے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ مرد حضرات کا بیویوں کے سامنے سابقہ معاشقوں پر بات کرنا بہت موضوع ہے اور مرد حضرات کو ایسا نہیں کرنا چاہیے، انہیں اپنی بیویوں کے دل نہیں دکھانے چاہیے۔

نیر اعجاز نے کہا کہ وہ اپنی بیوی سے نہ صرف محبت کرتے ہیں بلکہ ان کی عزت بھی کرتے ہیں اور انہوں نے بطور شوہر ثابت کیا کہ شادی کے بعد وہ بالکل تبدیل ہو چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ انہیں پیار کرنے والی اچھی بیوی ملی ہے جو گھر آنے پر ان کی خدمت کرتی ہیں، انہیں کپڑے نکال کر دیتی ہیں اور جوتے تک اتارتی ہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ جس طرح وہ اپنے معاشقوں کا ذکر کر رہے ہیں، اگر اسی طرح ان کی بیوی کا کوئی سابقہ معاشقہ سامنے آجائے تو ان کا کیا رد عمل ہوگا؟

اس پر نیر اعجاز نے کہا کہ ایسے سوالات نہیں کیے جاتے لیکن پھر مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں بیوی کے سابقہ معاشقے کا علم ہونے پر برا نہیں لگے گا، انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

اداکار کے مطابق اگر کسی مرد کا سابقہ عشق ہوسکتا ہے تو عورت کا کیوں نہیں؟ عورت کے پاس بھی دل ہے، وہ بھی محبت کر سکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025