ہم جنس پرستوں کی ویب سائیٹ بلاک
اسلام آباد: پاکستان میں ٹیلی مواصلات کے نگران ادارے نے ملک میں ہم جنس پرستوں کے لیے پہلی ویب سائیٹ کو 'اسلام مخالف' قرار دیتے ہوئے بلاک کر دیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق، پاکستان میں ہم جنس پرستوں کی سرگرمیوں اور ان کے تجربات پر مبنی کوئیر ۔ پی کے کو بدھ کے روز بند کر دیا گیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشنز اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ترجمان کامران علی نے بتایا کہ صارفین کی شکایات کے بعد اس ویب سائیٹ تک رسائی ختم کر دی گئی ہے۔
علی کا کہنا تھا: ہم نے یہ ویب سائٹ قانون کے تحت بند کی ہے کیونکہ اس کا مواد اسلام اور پاکستانی معاشرے کی روایات کے خلاف ہے۔
تاہم، صارفین اب بھی اس ویب سائیٹ پر مختلف یو آر ایل کے ذریعے رسائی حاصل کر رہے ہیں۔
ویب سائٹ کے ماڈیریٹر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ 'منفی ردعمل' کے خدشے کے پیش نظر اس پابندی کو عدالت میں چیلنج نہیں کریں گے۔
'ہم اس ویب سائیٹ کے ذریعے ان لوگوں کو پلیٹ فارم فراہم کر رہے تھے جنہیں معاشرے نے ان کی جنسی ترجیحات کی بنیاد پر مسترد کر رکھا ہے'۔
'میں پہلے ہی ویب سائیٹ کے مستقبل کے حوالے سے امید افزاء نہیں تھا، اور مجھے معلوم تھا کہ جلد یا دیر سے، اسے بند کر دیا جائے گا'۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ویب سائیٹ پر 44 فیصد ارکان خواتین جبکہ 56 فیصد مرد رجسٹرڈ ہیں۔