اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف کو دبایا نہیں جا سکتا، عمران خان کو فوری رہا کیا جائے، بیرسٹر سیف
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف کو دبایا نہیں جا سکتا، بانی پی ٹی آئی اور تمام اسیر کارکنان کو فوری رہا کیا جائے۔
پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس پر اپنے پیغام میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور تمام اسیر کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف 29 سالہ جدوجہد، قربانی اور عوامی خدمت کی علامت ہے اور آج ملک کی سب سے مقبول جماعت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک انصاف کو دبایا نہیں جا سکتا، جعلی حکومت انسانی حقوق پامال کرکےپی ٹی آئی کو دبانے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی اور بے بنیاد مقدمات کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹریاسمین راشد بزرگ خاتون اور شدید علیل ہیں، انہیں جیل میں رکھنا کھلی ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال سیاسی استحکام اور قومی اتحاد کی متقاضی ہے، مگر عمران خان کے بغیر قومی اتحاد اور سیاسی استحکام ممکن نہیں۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی، قید قیادت اور کارکنان نے اپنی قربانیوں سے نئی تاریخ رقم کی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ انصاف، آئین اور عوامی رائے کا احترام بحال کیا جائے۔