چیف جسٹس یحیٰی آفریدی چین اور ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے
سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحیٰی آفریدی چین اور ترکیہ کا دورہ مکمل کرکے پاکستان واپس پہنچ گئے۔
سپریم کورٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے چین میں شنگھائی تعاون تنظیم ( ایس سی او ) کے رکن ممالک کی کانفرنس میں شرکت کی، کانفرنس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے چیف جسٹس صاحبان اور اعلیٰ عدالتی حکام شریک ہوئے، کانفرنس میں عدالتی معاملات سے متعلقہ اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔
اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کانفرنس میں اپنے افتتاحی خطاب میں اہم عدالتی موضوعات پر گفتگو کی، کانفرنس کے دوران چیف جسٹس نے ایران اور ترکیہ کے چیف جسٹسز کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔
کانفرنس کا ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق رکن ممالک نے کانفرنس میں شنگھائی تعاون تنظیم کی اساس کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا۔
کانفرنس میں سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل نظم و نسق پر زور دیتے ہوئے مصنوعی ذہانت اور اسمارٹ ٹیکنالوجیز کے عدالتی استعمال کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق کانفرنس میں ثالثی اور مصالحت جیسے متبادل تنازعاتی حل کے طریقوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونی ڈھانچے کو مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
کانفرنس میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اور اعلان کیا گیا کہ اگلے سال کانفرنس اسلامی جمہوریہ ایران میں منعقد ہوگی۔
چیف جسٹس یحیٰ آفریدی چین کے بعد استنبول روانہ ہوئے جہاں انہوں نے ترکیہ کی آئینی عدالت کی تقریب میں شرکت کی۔