کراچی میں آن لائن رائیڈ سروسز کو ایک چھتری تلے لانے کی تیاری
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کراچی میں رائیڈ سروسز کو ایک نظام کے تحت لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ترجمان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شرجیل میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی میں آن لائن ٹیکسی سسٹم کو مربوط اور جدید انداز میں ایک چھتری تلے لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ان خدمات کو ایک چھتری تلے منظم کیا جائے گا، تاکہ مسافروں کو محفوظ، معیاری اور قانونی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
صوبائی وزیر کے ترجمان حسین منصور نے ’ڈان ڈاٹ کام‘ کو بتایا کہ کریم، ینگو جیسی تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کو ایک نظام کے تحت لایا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ قاسم نوید قمر، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد زمین اور ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دیو نے بھی شرکت کی۔
سینئر صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کراچی کے شہریوں کو معیاری، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
شرجیل میمن نے کراچی میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکسی سروس شروع کرنے کے لیے اقدامات کرنے کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز سے نہ صرف شہر کے ٹیکسی گاڑیوں کے نظام میں بہتری آئے گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
اجلاس کے بعد جاری کی گئی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں عوام کو آسان اقساط پر ای وی ٹیکسی گاڑیاں فراہم کرنے کے مختلف ماڈلز پر بھی غور کیا گیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کو پنک اسکوٹر مفت فراہم کرنے کے اعلان کے بارے میں بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ اس سلسلے میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے تاکہ خواتین کو ٹرانسپور کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں رواں سال جون تک پہنچ جائیں گی، جون کے آخر یا جولائی کے اوائل میں نئی بسوں کی ایک بڑی کھیپ پہنچنے کی توقع ہے۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مسافروں کے لیے نئی بسوں کی خریداری کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اس سے قبل فروری میں سندھ کابینہ نے کراچی کے لیے 50 الیکٹرک بسیں خریدنے کی منظوری دی تھی، جن میں 15 ڈبل ڈیکرز اور خواتین کے لیے ایک ہزار پنک الیکٹرک موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔