کراچی: ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر، پاک نیوی کا اہلکار جاں بحق
کراچی کے علاقے بلدیہ میں ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکرکے نتیجے میں پاکستان نیوی کا ایک ملازم جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔
کراچی میں حالیہ عرصے میں ٹریفک ، خاص طور پر بھاری گاڑیوں، بشمول ڈمپر اور واٹر ٹینکرز کے حادثات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جن کے نتیجے میں ہسپتال کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں تقریباً 500 افراد ہلاک اور 4879 زخمی ہوئے تھے۔
کیماڑی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کیپٹن (ریٹائرڈ) فیضان علی نے ڈان کو بتایا کہ ہیوی ٹریفک کے حادثے میں نیوی کا ایک ملازم جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا ہے، یہ حادثہ 10 وہیلر ٹرک کے موٹرسائیکل کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں پیش آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ ٹرک کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، لیکن ٹرک کو پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔
ایس ایس پی فیضان علی نے کہا کہ جب کوئی مدعی پولیس کے پاس آئے گا تو فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی جائے گی، بصورت دیگر ہم اسے ریاست کی جانب سے ایک پولیس افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کریں گے۔
موچکو تھانے کے اہلکار اسد زید نے بتایا کہ 35 سالہ اشفاق علی اور 34 سالہ سہیل احمد پاکستان نیوی کے ملازم تھے۔
اہلکار نے بتایا کہ وہ موٹر سائیکل پر سوار تھے جب جامعہ فاروقیہ مدرسے کے قریب رئیس گوٹھ میں ایک 10 وہیلر ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی، انہیں ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اشفاق کی موت کی تصدیق کر دی۔
دریں اثنا، ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج سپر ہائی وے پر کوئٹہ دربار ہوٹل کے قریب ایک وین الٹنے سے 25 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی، بیان میں کہا گیا کہ لاش کو ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں حادثات کی پر قابو پانے کے لیے صوبائی حکومت کی مسلسل کوششوں کے سلسلے میں، شہر کی انتظامیہ نے جمعرات کو شہر میں دن کے وقت بھاری گاڑیوں پر عائد مکمل پابندی میں مزید دو ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں نارتھ کراچی کے علاقے میں بھاری گاڑی کے حادثے میں موٹرسائیکل سوار کے زخمی ہونے کے بعد فور کے چورنگی کی طرف جانے والی مرکزی سڑک کے قریب مشتعل ہجوم نے مجموعی طور پر نو ڈمپر اور واٹر ٹینکر نذر آتش کردیے تھے۔
پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ اس ماہ کی ابتدا میں ایک بزرگ شخص واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا تھا۔