• KHI: Partly Cloudy 21.2°C
  • LHR: Cloudy 11.8°C
  • ISB: Cloudy 16.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.2°C
  • LHR: Cloudy 11.8°C
  • ISB: Cloudy 16.2°C

بھارت: آگ لگنے کے بعد ہوٹل گیس چیمبر میں تبدیل ہوگیا، دم گھٹنے سے 15 افراد ہلاک

شائع April 30, 2025
آگ سے بچنے کی کوشش میں چھت سے چھلانگ لگانے سے کم از کم ایک شخص کی موت ہوئی — فوٹو: اے ایف پی
آگ سے بچنے کی کوشش میں چھت سے چھلانگ لگانے سے کم از کم ایک شخص کی موت ہوئی — فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے شہر کلکتہ کے ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق کلکتہ پولیس کے سربراہ منوج ورما نے بتایا کہ منگل کی شام آگ لگنے کے بعد ہوٹل کے کمروں اور چھتوں سے متعدد افراد کو بچایا گیا۔

منوج کمار ورما نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہوگئی ہے، جن میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں، آگ لگنے کے بعد ہوٹل گیس چیمبر میں تبدیل ہو گیا اور ایسا لگتا ہے کہ بہت سے لوگ دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔

ریتوراج ہوٹل، جس میں آگ لگنے کے وقت 88 مہمان موجود تھے، وسطی کلکتہ کے گنجان آباد کاروباری ضلع میں واقع ہے، تقریباً ایک درجن افراد جھلس کر زخمی ہوئے اور ان کا علاج جاری ہے۔

آگ بجھانے کے آلات کی کمی اور حفاظتی ضوابط کو معمول کے مطابق نظر انداز کرنے کی وجہ سے بھارت میں عمارتوں میں آگ لگنا عام بات ہے، گزشتہ سال مشرقی ریاست بہار کے شہر پٹنہ کے ایک ہوٹل میں آگ لگنے سے 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

نیوز ایجنسی ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ نے کلکتہ کی عمارت سے بھڑکتے ہوئے شعلوں کی تصاویر بنائی تھیں، بتایا گیا تھا کہ ’کئی لوگوں کو عمارت کی کھڑکیوں اور تنگ کناروں سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔‘

کلکتہ کے اخبار ’ٹیلی گراف‘ کے مطابق آگ سے بچنے کی کوشش میں چھت سے چھلانگ لگانے سے کم از کم ایک شخص کی موت ہوئی۔

منوج کمار ورما نے کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ آپریشن جاری ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہلاک شدگان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، ان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امید ہے کہ زخمی جلد صحت یاب ہوں گے۔

ڈیڑھ کروڑ سے زائد آبادی والا شہر کلکتہ ریاست مغربی بنگال کا دارالحکومت ہے، جس پر حزب اختلاف کی جماعت ترنمول کانگریس کی حکومت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025