پیپلز پارٹی کے وقار مہدی سندھ سے سینیٹ کی نشست پر کامیاب
سندھ اسمبلی میں سینیٹ کے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے وقار مہدی 111 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ ایم کیو ایم کی نگہت مرزا نے 36 ووٹ حاصل کیے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما تاج حیدر کے انتقال کے باعث سینیٹ کی خالی نشست پر آج سندھ اسمبلی میں ضمنی الیکشن ہوئے جس میں پاکستان پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کے وقار مہدی نے 111 ووٹ لے کر سندھ سے سینیٹ کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔
وقار مہدی کے مد مقابل ایم کیو ایم پاکستان کی امیدوار نگہت مرزا تھیں جنہیں صرف 36 ووٹ ملے۔
ریٹرننگ افسر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ مجموعی طور پر 149 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 2 ووٹ غلط مارکنگ کے باعث مسترد ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی نے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل، پیپلزپارٹی کے وفد ناصر حسین شاہ کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کرکے سینیٹ کی خالی نشست پر ایم کیو ایم سے دستبردار ہونے کی درخواست کی تھی۔
تاہم، ایم کیو ایم پاکستان نے پارٹی میں مشاورت کے بعد سینیٹ میں مرحوم تاج حیدر کی خالی نشست پر الیکشن کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی حمایت سے انکار کردیا تھا۔
واضح رہے کہ 08 اپریل کو پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور بزرگ سیاستدان سینیٹر تاج حیدر مختصر علالت کے بعد 84 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، مرحوم کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی تھی۔