اسرائیلی طیاروں کی صنعا کے مرکزی ایئرپورٹ پر بمباری

شائع May 6, 2025
اسرائیلی حملے کے بعد صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں ( فوٹو: رائٹرز )
اسرائیلی حملے کے بعد صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں ( فوٹو: رائٹرز )

اسرائیلی فوج نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے مرکزی ہوائی اڈے پر فضائی حملہ کیا ہے، یہ حوثی جنگجوؤں پر دو دنوں میں اس کا دوسرا حملہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے حوثیوں کے زیر انتظام المسیرا ٹی وی کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حملے میں تین افراد ہلاک ہوئے۔

اسرائیل نے منگل کے حملے سے قبل صنعا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ارد گرد کے علاقے کو خالی کرنے کی تنبیہ کی تھی، جس کے بارے میں اس نے کہا کہ اس نے حوثی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا اور ’ مکمل طور پر ہوائی اڈے کو ناکارہ بنا دیا’، بعد میں عینی شاہدین نے دارالحکومت میں چار حملوں کی اطلاع دی۔  

غزہ تنازع شروع ہونے کے بعد سے ہی کشیدگی عروج پر تھی، لیکن اتوار کے روز حوثی میزائل کے اسرائیل کے بن گوریون ہوائی اڈے کے قریب گرنے کے بعد اس میں مزید اضافہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پیر کے روز اسرائیل نے یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر فضائی حملے کیے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا،’ تھوڑی دیر قبل، آئی ڈی ایف (اسرائیل ڈیفنس فورسز) کے لڑاکا طیاروں نے صنعا کے مرکزی ہوائی اڈے پر حوثی دہشت گردوں کے انفرااسٹرکچر پر حملہ کرکے اسے تباہ کر دیا ہے ، جس سے ہوائی اڈہ مکمل طور پر ناکارہ ہو گیا ہے۔’

بیان میں مزید کہا گیا،’ یہ حملہ حوثی دہشت گرد حکومت کی جانب سے بن گورین ہوائی اڈے پر کیے گئے حملے کے جواب میں کیا گیا، ہوائی اڈے پر فلائٹ رن وے، طیاروں اور انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا۔’

ہوائی اڈے کے ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ حملوں میں تین سویلین طیاروں، ڈیپارچر ہال، ہوائی اڈے کے رن وے اور حوثیوں کے زیر کنٹرول ایک فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ ہوائی اڈہ ’ حوثی دہشت گرد حکومت کے لیے ہتھیاروں اور کارکنوں کی منتقلی کا ایک مرکزی مرکز’ تھا۔

المسیرا ٹی وی کی جانب سے جاری ایک بیان میں، حوثیوں نے کہا: ؛’ ہماری مسلح افواج کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور یمن کی جانب سے فلسطین کی حمایت صرف غزہ کے خلاف جارحیت اور محاصرے کے خاتمے کے ساتھ ہی ختم ہوگی۔’

یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہانس گرنڈبرگ نے ایکس پر کہا کہ تازہ ترین حملے ’ پہلے سے ہی نازک اور غیر مستحکم علاقائی تناظر میں ایک سنگین اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔’

یمن کی قومی ایئر لائن یمنیہ ایئرویز کے ایک اہلکار نے رائٹرز کو بتایا کہ ابتدائی جائزے کے مطابق اس کے تین طیارے تباہ ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا حوثیوں پر بمباری بند کر دے گا کیونکہ انہوں ( حوثیوں) نے مشرق وسطیٰ میں جہاز رانی کی اہم گزرگاہوں میں مداخلت بند کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے ساتھ اوول آفس میں ہونے والی ملاقات میں، ٹرمپ نے اعلان کیا کہ حوثی اب لڑنا نہیں چاہتے، لیکن انہوں نے اس پیغام کی وضاحت نہیں کی۔

امریکی صدر کے بیان پر حوثیوں کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ واشنگٹن حوثیوں کے اس وعدے پر یقین کرے گا کہ وہ اب جہازوں کو تباہ نہیں کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2025
کارٹون : 2 جولائی 2025