’شرمناک‘، ماورا حسین کا اداکار ہرش وردھن کے بیان پر رد عمل
اداکارہ ماورا حسین نے اپنی بھارتی فلم ”صنم تیری قسم“ کے اداکار ہرش وردھن کے بیان کو ’شرمناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے جب دو ایٹمی قوت کے حامل ممالک حالت جنگ میں ہوں، تب فلموں پر بات کرنا عقل مندی نہیں۔
ماروا حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں ہرش وردھن کی جانب سے بھارتی جارحیت کی حمایت کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جنگ جیسے سنجیدہ موقع پر شہرت حاصل کرنے کی کوشش انتہائی گھٹیا پن ہے، اس عمل سے آپ میری نظروں سے گرگئے۔
ماروا حسین سے قبل ہرش وردھن نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا تھا کہ اگرچہ ان کا پہلی فلم میں کام کرنے کا تجربہ بہترین تھا لیکن اب اگر فلم بنی تو وہ ’صنم تیری قسم 2‘ میں سابقہ کاسٹ کے ساتھ کام نہیں کریں گے۔
ماورا حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں اداکار ہرش وردھن کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ یہ افسوسناک، مضحکہ خیز اور شرمناک ہے کہ کوئی شخص ایسے نازک وقت میں سستی شہرت کے لیے بیانات جاری کرے۔
اداکارہ کے مطابق بھارتی حملے کے نتیجے میں میرے ملک کے معصوم بچوں کی جانیں گئیں، حملے ہوئے اس کے بعد ہماری افواج نے ردِعمل دیا ہے، اس قسم کے حالات میں یہ فلمی اعلان نہایت افسوس کی بات ہے۔
ماورا حسین نے مزید لکھا کہ میں نے ہمیشہ اپنے ساتھی فنکاروں کا احترام کیا ہے، لیکن جنگ جیسے سنجیدہ موقع پر شہرت حاصل کرنے کی کوشش انتہائی گھٹیا پن ہے، جب دو ایٹمی طاقتیں جنگ کی صورتحال میں ہوں، تب ذاتی مفاد کی بات کرنا کوئی عقل مندی نہیں۔
ہرش وردھن رائےکی پوسٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ماورا حسین کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے 9 سال کے بعد میرے نام کو محض خبروں میں جگہ بنانے کے لیے استعمال کیا، اس عمل سے آپ میری نظروں سے گرگئے۔
اداکارہ کے مطابق اس وقت دونوں ممالک ایک سنگین صورتحال کا سامنا کررہے ہیں، بہت سی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، میں اس سوچ میں ڈوبنے کے بجائے کہ میری اگلی فلم کونسی ہوگی، میں اِن حالات میں دونوں طرف کے شہریوں اور پاک فوج کے لیے دعائیں کررہی ہوں۔

ماورا حسین نے پوسٹ کا اختتام اس پیغام سے کیا کہ ’میرا ملک ہر چیز سے بالاتر ہے! پاکستان زندہ باد‘۔
خیال رہے کہ ماورا حسین نے فلم صنم تیری قسم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، فلم 2016 میں ریلیز پوئی تھی لیکن باکس آفس پر ناکام ہونے کی وجہ سے اسے فلاپ قرار دیا گیا تھا۔
فلم کو رواں سال 7 فروری کو دوبارہ ریلیز کیا گیا تو حیران کن طور پر فلم نے ریکارڈ کمائی کرکے کامیابیوں کے نئے جھنڈے گاڑ دیے جس کے بعد یہ خیال ظاہر کیا گیا جارہا تھا کہ فلم کا سیکوئل بنائے جانے کا امکان ہے اور دوسری فلم میں سابقہ کاسٹ کو دہرایا جاسکتا ہے۔












لائیو ٹی وی